صحابہ کرام ؓ کا مسلمانوں کے مال اور جان کا احترام کرنا

مسلمانوں کی اچھی حالت پر خوش ہونا

حضرت ابنِ بریدہ اسلمی ؓکہتے ہیں: ایک آدمی نے حضرت ابنِ عباسؓ کو برا بھلا کہا: حضرت ابنِ عباس نے کہا: تم مجھے برا بھلا کہتے ہو حالاںکہ مجھ میں تین عمد ہ صفات پائی جاتی ہیں: پہلی یہ کہ جب میں قرآن کی کسی آیت کو پڑھتا ہوں تو میرا دل چاہتا ہے کہ اس آیت کے بارے میں جو کچھ مجھے معلوم ہے وہ تمام لوگوں کو معلوم ہو جائے۔ اور دوسری یہ کہ جب میں مسلمانوں کے حاکم کے بارے میں سنتا ہوں کہ وہ انصاف والے فیصلے کرتا ہے تو اس سے مجھے خوشی ہوتی ہے ، حالاںکہ ہوسکتا ہے کہ مجھے کبھی بھی اپنا مقدمہ اس کے پاس فیصلہ کے لیے لے جانا ہی نہ پڑے۔ اور تیسری یہ کہ جب میں یہ سنتا ہوں کہ مسلمانوں کے فلاں علاقے میں بارش ہوئی ہے تو اس سے مجھے خوشی ہوتی ہے، حالاںکہ اس علاقے میں میر اکوئی چرنے والا جانور نہیں ہوتا۔1