حضورﷺ کی عزّت اور تعظیم کرنا

حضورﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے کو صحابۂ کرامؓ کا مارنا

حضرت کعب بن علقمہ ؓ کہتے ہیں: حضرت غرفہ بن حارث کندی ؓ حضورﷺ کے صحبت یافتہ صحابی ہیں۔ انھوںنے سنا کہ ایک نصرانی حضورﷺ کو برا بھلا کہہ رہا ہے تو انھوں نے اسے ایسا مارا کہ اس کی ناک ٹوٹ گئی۔ یہ معاملہ حضرت عمرو بن العاصؓ کے سامنے پیش ہوا۔ حضرت عمرو نے حضرت غرفہ سے فرمایا: ہم تو ان سے امن دینے کا معاہدہ کر چکے ہیں۔ حضرت غرفہ نے کہا: اللہ کی پناہ! یہ لوگ حضورﷺ کو برا بھلا کہیں اور ہم ان کے معاہدے کا پھر بھی لحاظ کریں؟ ہم نے تو ان شرطوں پر ان سے معاہدہ کیا ہے کہ ہم ان کے عبادت خانوں کو کچھ نہیں کہیں گے، یہ اپنے عبادت خانوں میں جو چاہے کہیں، اور ہم ان کی طاقت سے زیادہ بوجھ ان پر نہیں ڈالیں گے، اور اگر کوئی دشمن ان پر حملہ کرے گا تو ہم ان کی طرف سے لڑیں گے، اور ان کے احکام میں ہم کوئی دخل نہیں دیں گے، ہاںاگر یہ ہمارے احکامات پر راضی ہو کر ہمارے پاس فیصلہ کروانے آئیں گے تو ہم اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کے مطابق ان کے بارے میں فیصلہ کریں گے، اور اگر یہ اپنے معاملات کے بارے میں ہم سے الگ تھلگ رہیں گے تو ہم انھیں کچھ نہیں کہیں گے۔ اس پر حضرت عمرو نے کہا: تم ٹھیک کہہ رہے ہو۔1 حضرت غرفہ بن حارث ؓ کو حضورﷺ کی صحبت حاصل تھی اور انھوں نے حضرت عِکْرِمہ بن ابی جہل ؓ کے ساتھ مرتدوں سے جنگ بھی لڑی تھی۔ وہ مصر کے ایک نصرانی کے پاس سے گذرے جس کو مُنْدَقون کہا جاتا تھا۔ حضرت غرفہ نے اسے اسلام کی دعوت دی تو اس نصرانی نے حضورﷺ کا تذکرہ برے انداز میں کیا، انھوں نے اسے مارا۔ پھریہ معاملہ حضرت عمرو بن العاص ؓ کے سامنے پیش ہوا۔ حضرت عمرو نے انھیں بلا کر کہا: ہم تو ان سے امن دینے کا معاہدہ کر چکے ہیں۔ اور پھر آگے پچھلی حدیث جیسا مضمون ذکر کیا ہے۔1 حضرت کعب بن علقمہ ؓکہتے ہیں: حضرت غَرفہ بن حارث کندی ؓکو نبی کریم ﷺ کی صحبت حاصل تھی۔ یہ ایک آدمی کے پاس سے گزرے جس کے ساتھ امن دینے کا معاہدہ کیا ہوا تھا۔ حضرت غرفہ نے اسے اسلام کی دعوت دی۔ اس نے نبی کریم ﷺ کے بارے میں برا بھلا کہہ دیا، انھوں نے اسے قتل کر دیا۔ حضرت عمرو بن عاص ؓ نے ان سے کہا: یہ لوگ معاہدے کی پابندی کی وجہ سے ہم سے مطمئن تھے (تم نے قتل کر کے معاہدہ توڑ دیا)۔ حضرت غرفہ نے کہا: ہم نے ان سے اس بات پر امن کا معاہدہ نہیں کیا کہ یہ اللہ اور رسول ﷺ کے بارے میں (برا بھلا کہہ کر) ہمیں تکلیف پہنچائیں۔2