نبی کریم ﷺ اور آپ کے صحابۂ کرام ؓ کا دنیا سے بے رغبتی اختیا ر کرنا
حضرت عثما ن بن عفان ؓ کا زہد
حضرت عبد الملک بن شدّاد ؓ کہتے ہیں: میں نے جمعہ کے دن حضرت عثمان بن عفانؓ کو منبر پر دیکھا کہ ان پر عدن کی بنی ہوئی موٹی لنگی تھی جس کی قیمت چار یا پانچ درہم تھی، اور گیروے رنگ کی ایک کوفی چادر تھی۔
حضرت حسن ؓ سے ان لوگوں کے بارے میں پوچھا گیا جو مسجد میں قیلولہ کرتے ہیں، تو انھوں نے کہا: میں نے حضرت عثمان بن عفان ؓکو دیکھا کہ وہ اپنے زما نۂ خلافت میں ایک دن مسجد میں قیلو لہ فرما رہے تھے۔ اور جب وہ سو کر اٹھے تو ان کے جسم پر کنکریوں کے نشان تھے (مسجد میں کنکریاں بچھی ہوئی تھیں) اور لوگ (ان کی اس سادہ اور بے تکلف زندگی پر حیران ہو کر) کہہ رہے تھے: یہ امیرالمؤمنین ہیں، یہ امیرالمؤمنین ہیں۔1
حضرت شُرَحْبِیْل بن مسلم ؓ کہتے ہیں: حضرت عثمان بن عفان ؓ لوگوں کو خلافت والا عمدہ کھانا کھلاتے، اور خود گھر جا کر سرکہ اور تیل یعنی سادہ کھایا کھاتے۔