صحابۂ کرام ؓ کا دینِ اسلام کے لئے جان اور مال خرچ کرنا
بستی میں داخل ہونے کے وقت دعا کرنا
حضرت ابو مروان اَسلمی کے دادا فرماتے ہیں کہ ہم لوگ حضورِ اَقدس ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف روانہ ہوئے۔ جب ہم خیبر کے قریب پہنچ گئے اور خیبر ہمیں نظر آنے لگا تو حضور ﷺ نے لوگوں سے فرمایا: ٹھہر جائو۔ چناںچہ سب لوگ ٹھہر گئے۔ پھر حضور ﷺ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! جو ربّ ہے ساتوں آسمانوں کا اور اُن تمام چیزوں کا جن پر ساتوں آسمان سایہ کیے ہوئے ہیں۔ اور جو ربّ ہے ساتوں زمینوں کا اور اُن تمام چیزوں کا جن کو ساتوں زمینوں نے اُٹھایا ہوا ہے۔ اور جو ربّ ہے تمام شیا طین کا اور اُن لوگوں کا جن کو شیاطین نے گمراہ کیا ہے۔اور جو ربّ ہے ہواؤں کا اور اُن تمام چیزوں کا جن کو ہواؤں نے اُڑا یا ہے۔ ہم تجھ سے اس بستی کی اور اس بستی والوں کی اور اس بستی میں جو کچھ ہے اس کی خیر مانگتے ہیں، اور تجھ سے اس بستی کے اور اس بستی والوں کے اور اس بستی میں جو کچھ ہے اس کے شر سے پناہ مانگتے ہیں۔ (اور پھر فرمایا:) بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر آگے بڑھو ۔ 1
’’طبرانی‘‘ کی روایت میں یہ ہے کہ آپ ہر بستی میں داخلہ کے وقت یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔