ایمان مفصل
لاالہ الا اللہ کے معنی
سب سے پہلے یہ سمجھو کہ “الہ” کسے کہتے ہیں۔ عربی زبان میں “الہ” کے معنی ” مستحق عبادت” کے ہیں۔ یعنی ایسی ہستی جو اپنی شان اور جلال اور برتری کے لحاظ سے اس قابل ہو کہ اس کی پرستش کی جائے اور بندگی اور عبادت میں اس کے آگے سرجھکا دیا جائے۔ “الہ” کے معنی میں یہ مفہوم بھی شامل ہے کہ وہ بے انتہا قدرت کا مالک ہو جس کی وسعت کو سمجھنے میں انسان کی عقل حیران رہ جائے۔ “الہ” کے مفہوم میں یہ بات بھی داخل ہے کہ وہ خودکسی کا محتاج نہ ہو اور سب اپنی زندکی کے معاملات میں اس کے محتاج ہوں اور اس سے مدد مانگنے کے لیے مجبور ہوں”۔ “الہ” کے لفظ میں پوشیدگی کا مفہوم بھی پایا جاتا ہے۔ یعنی الہ اس کو کہیں گے جس کی طاقتیں پراسرار ہوں۔ فارسی زبان میں “خدا” اور ہندی میں ” دیوتا” اور انگریزی میں “گاڈ” کے معنی بھی اس سے ملتے جلتے ہیں اور دنیا کی دوسری زبانوں میں بھی اس مطلب کے لیے مخصوص الفاظ پائے جاتے ہیں ۔
لفظ ‘اللہ’ دراصل خدائے وحدہٗ لاشریک کا اسم ذات ہے۔ لا الہ الا اللہ کا لفظی ترجمہ یہ ہوگا کہ “کوئی الہ نہیں ہے سوائے اس ذات خاص کے جس کا نام اللہ ہے”۔ مطلب یہ ہے کہ تمام کائنات نہیں کہ عبادت اور بندگی و اطاعت اور بندگی و اطاعت میں اس کے آگے سرجھکایا جائے، صرف وہی ایک ذات تمام جہاں کی مالک اور حاکم ہے، تمام چیزیں اس کی محتاج ہیں، سب اسی سے مدد مانگنے پر مجبور ہیں، وہ حواس سے پوشیدہ ہے اور اس کی ہستی کو سمجھنے میں عقل دنگ ہے۔