Urwatul-Wusqaa - Nooh : 3
اَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ وَ اتَّقُوْهُ وَ اَطِیْعُوْنِۙ
اَنِ اعْبُدُوا اللّٰهَ : کہ عبادت کرو اللہ کی وَاتَّقُوْهُ : اور ڈرو اس سے وَاَطِيْعُوْنِ : اور اطاعت کرو میری
کہ اللہ کی بندگی کرو اور اس سے ڈرو اور میری فرمانبرداری کرو
اللہ کی بندگی کرو اور اس سے ڈرو اور میرا کہا مانو 3 ؎ سیدنا نوح (علیہ السلام) نے اپنی دعوت تبلیغ کے تین بنیادی اصول قوم کے سامنے پیش کئے ، فرمایا : (1) کفر و شرک چھوڑ دو ، اللہ وحدہ لا شریک لہ کی عبادت کرو یہی وہ نسخہ ہے جس سے تمہارے عقائد درست ہوجائیں گے۔ توہمات اور وسوسوں سے تمہاری عقلیں آزاد ہوجائیں گی اور جب نور توحید چمکے گا تو تمہارا سینہ وادی ، ایمن بن جائے گا اور ہدایت کے قبول کرنے کی صلاحیت تم میں پیدا ہوجائے گی۔ (2) میری دعوت کا دوسرا اصول یہ ہے کہ تم تقویٰ کو اپنا شعار بنا لو جب تم متقی اور پارسا بن جائو گے تو فسق و فجور کی عفونتوں سے تمہارا دامن پاک ہوجائے گا اور اس طرح ظلم و ستم ، لوٹ کھسوٹ ، جھوٹ اور غیبت ، خود غرضی اور حرص کا تمہارے اندر نام و نشان بھی نہ رہے گا جو معاشرہ کو اندر اندر کھا جاتے ہیں اور یقین جانو اس طرح تمہارے معاشرے میں بہت خوش آئند تبدیلی رونما ہوگی۔ (3) میری دعوت کا تیسرا اصول بھی سن لو کہ تم میری اطاعت کرو ، تمہارے رب نے مجھے تمہاری راہنمائی کے لئے پسند کیا ہے اور اب میں تم ہی میں سے ایک انسان ہوں جو حوائج و ضروریات تم کو ہیں وہ سب کی سب مجھے بھی لاحق ہیں ، جو میں کرتا ہوں اور تم کو کرنے کا حکم دیتا ہوں تم بھی کرو ، جس سے میں خود رکتا ہوں اور تم کو روکتا ہوں تم رک جائو۔ اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ تم منزل مقصود تک پہنچ جائو گے ، تمہاری دنیا بھی درست ہوگی اور اللہ تعالیٰ کے راضی ہونے کے باعث تمہاری آخرت بھی سنور جائے گی۔
Top