Urwatul-Wusqaa - Al-A'raaf : 134
وَ لَمَّا وَقَعَ عَلَیْهِمُ الرِّجْزُ قَالُوْا یٰمُوْسَى ادْعُ لَنَا رَبَّكَ بِمَا عَهِدَ عِنْدَكَ١ۚ لَئِنْ كَشَفْتَ عَنَّا الرِّجْزَ لَنُؤْمِنَنَّ لَكَ وَ لَنُرْسِلَنَّ مَعَكَ بَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَۚ
وَلَمَّا : اور جب وَقَعَ : واقع ہوا عَلَيْهِمُ : ان پر الرِّجْزُ : عذاب قَالُوْا : کہنے لگے يٰمُوْسَى : اے موسیٰ ادْعُ : دعا کر لَنَا : ہمارے لیے رَبَّكَ : اپنا رب بِمَا : سبب۔ جو عَهِدَ : عہد عِنْدَكَ : تیرے پاس لَئِنْ : اگر كَشَفْتَ : تونے کھول دیا (اٹھا لیا) عَنَّا : ہم سے الرِّجْزَ : عذاب لَنُؤْمِنَنَّ : ہم ضرور ایمان لائیں گے لَكَ : تجھ پر وَلَنُرْسِلَنَّ : اور ہم ضرور بھیجدیں گے مَعَكَ : تیرے ساتھ بَنِيْٓ اِ سْرَآءِيْلَ : بنی اسرائیل
اور جب ان پر عذاب کی سختی واقع ہوئی تو کہنے لگے اے موسیٰ (علیہ السلام) ! تیرے پروردگار نے تجھ سے جو عہد کیا ہے تو اس کی بنا پر ہمارے لیے دعا کر اگر تیری دعا سے عذاب ٹل گیا تو ضرور ہم تیرے معتقد ہوجائیں گے اور بنی اسرائیل کو چھوڑ دیں گے کہ تیرے ساتھ چلے جائیں
عہد کرنا اور توڑنا ان کی گھٹی میں پڑا تھا : 145: عادی مجرم کبھی جرم سے باز نہیں آتے ۔ ان کا کام یہی ہوتا ہے کہ پکڑے گئے تو منت وسماجت کرنے لگے اور اتنی منت و سماجت کی اور اس طرح گریہ وزاری اور آئندہ ایسا نہ کرنے کا عہد کیا کہ پکڑنے والے کو ترس آگیا اور شرم محسوس ہونے لگی اس نے جونہی چھوڑا وہ پھر وہی لچھن کرنے لگے یہی حالت فرعونیوں کی تھی یعنی ان مذکورہ عذابوں میں سے جب بھی کوئی عذاب ان پر آیا اور اس سے نجات کی جب کوئی صورت انہیں دکھائی نہ دی تو بےبس ہو کر موسیٰ (علیہ السلام) کے پاس حاضر ہوتے اور عرض کرتے ۔ اے موسیٰ ! اپنے رب سے دعا مانگو کہ یہ عذاب ٹل جائے تو پھر ہم آپ ﷺ پر ایمان لے آئیں گے اور بنی اسرائیل کو آپ کے ساتھ روانہ کردیں گے لیکن جب عذاب ٹل جاتا تو وہ اپنے وعدے سے پھرجاتے۔ چناچہ تورات میں اس کا اس طرح ذکر کیا گیا : ـ تب فرعونیوں نے موسیٰ اور ہارون کو بلا کر کہا کہ خداوند سے شفاعت کرو کہ مینڈکوں کو مجھ سے اور میری رعیت سے رفع کر دے اور میں ان لوگوں کو جانے دوں گا تاکہ وہ خدا کے لئے قربانی کریں۔ ( خروج 8 : 8) فرعون نے کہا کہ میں تم کو جانے دوں گا تاکہ تم خداوند اپنے خدا کے لئے بیا بان میں قربانی کرو لیکن تم دور مت جانا اور میرے لئے شفاعت کرنا۔۔۔۔۔ پر فرعون نے اس بار بھی اپنا دل سخت کرلیا اور ان لوگوں کو جانے نہ دیا۔ (خروج 8 : 28 اور 33)
Top