Tadabbur-e-Quran - Al-Waaqia : 9
وَ اَصْحٰبُ الْمَشْئَمَةِ١ۙ۬ مَاۤ اَصْحٰبُ الْمَشْئَمَةِؕ
وَاَصْحٰبُ الْمَشْئَمَةِ : اور بائیں ہاتھ والے مَآ اَصْحٰبُ الْمَشْئَمَةِ : کیا ہیں بائیں ہاتھ والے
دوسرا گروہ بائیں والوں کا ہوگا، تو کیا حال ہوگا بائیں والوں کا !
(ما اصحب المشئمۃ) میں وہی اسلوب اس کے برعکس یعنی اظہار نفرت و کراہت کے مفہوم میں ہے یعنی جس طرح (اصحب المیمنۃ) کی خوش حالی و بلند اقبالی کا اندازہ نہیں کرسکتا اسی طرح (اصحب المشمۃ) کی بد بختی ان کی ذلت و مصیبت اور ان کی بد انجامی کا حال بھی کچھ نہ پوچھو ! اس کی تصویر بھی الفاظ میں نہیں کھینچی جاسکتی۔ اس کا اندازہ انہی کو ہوگا جن کو اس سے سابقہ پیش آئے گا۔ (واسبقون اسبقون) میں دوسرا (سابقون) خبر کے محل میں ہے اور اس ایجاز میں غایت درجہ بلاغت ہے۔ مطلب یہ ہے کہ (سابقون) کی عالی مقام کا کیا پوچھنا ہے۔ وہ تو (سابقون) ہی ہوئے ! جب وہ سابقون ہیں تو ان کے درجہ و مرتبہ کو کون پہنچ سکتا ہے ! وہ لازماً وہاں تک پہنچیں گے جو انسانی شرف و مزیت کا آخری نقطہ ہے اور اس نقطہ کمال کا اندازہ بھلا اس عالم ناسوت میں کون کرسکتا ہے !۔ (بعض غلط فہمیوں کا ازالہ)۔ اس تفصیل سے ایک تو یہ حقیقت واضح ہوئی کہ ان لوگوں کا خیال غلط ہے جنہوں نے یہ گمان کیا ہے کہ یہ دربار الٰہی میں جگہیں پانے والوں کی ترتیب بیان ہوئی ہے۔ اللہ جل شانہٗ کے دربار سے متعلق اول تو داہنے بائیں اور آگے پیچھے کا تصور ہی ایک بےمعنی تصور ہے اور اگر اس تصور کی گنجائش تسلیم بھی کرلی جائے تو یہ امر اپنی جگہ پر مسلم ہے کہ اس دربار میں اصحاب الشمال کے لیے کوئی جگہ بھی نہیں ہوگی نہ بائیں نہ پیچھے بلکہ ان کا ٹھکانہ جہنم ہوگا جس کی وضاحت آگے اس سورة میں بھی آرہی ہے اور قرآن کے دوسرے مقامات میں بھی آئی ہے۔ دوسری حقیقت یہ واضح ہوئی کہ (اصحب الیمین) عام مسلمانوں کے مفہوم میں نہیں ہے، جیسا کہ بعض لوگوں نے سمجھا ہے بلکہ اس سے مراد وہ لوگ ہیں جن کے اعمال نامے بطور اعزاز داہنے ہاتھ میں دیئے جائیں گے اور وہ اپنے شاندار کارناموں پر نہایت شاداں و فرماں بھی ہوں گے۔ عام مسلمانوں میں تو بیشمار ایسے لوگ بھی ہیں جن کی نسبت یہ گمان کرنا بڑا ہی فیاضانہ حسن ظن ہوگا کہ ان کے اعمال نامے ان کے داہنے ہاتھ میں پکڑائے جائیں گے اور وہ جوش مسرت میں (ھائوم اقوء وا کتبیہ) کا نعرہ بھی لگانے کے لائق ہوں گے۔ رہا یہ سوال کہ (اصحب الیمین) اور (سابقون) میں کس نوعیت کا فرق ہے تو اس کی طرف اوپر بھی ہم اشارہ کرچکے ہیں اور آگے بھی اس کی وضاحت آرہی ہے
Top