Dure-Mansoor - Al-Waaqia : 59
ءَاَنْتُمْ تَخْلُقُوْنَهٗۤ اَمْ نَحْنُ الْخٰلِقُوْنَ
ءَاَنْتُمْ : کیا تم تَخْلُقُوْنَهٗٓ : تم پیدا کرتے ہو اس کو اَمْ نَحْنُ : یا ہم ہیں الْخٰلِقُوْنَ : جو پیدا کرنے والے ہیں
کیا اس کو تم (انسان) بناتے ہو یا ہم ہی بنانے والے ہیں
پھر اس کو تم انسان بناتے ہو یا ہم بناتے ہیں ؟ 59۔ کس کا دست قدرت ہے جو اس کام کے بعد ان کروڑوں جرثوموں میں جس کو زندگی عطا کرنا چاہتا ہے کردیتا ہے اور باقی سب مردہ ہو کر فنا ہوجاتے ہیں اور پھر کس کی قدرت نے یہ کام کیا کہ اس ایک جرثومے کو عورت کے بیضہ سے جا کر ملا دیا پھر رحم مادر کے اندر ایک تنگ و تاریک گوشہ میں اس کو قرار بخشا اور اس کے ارد گرد پہرے لگا دیئے کہ کوئی باہر سے حملہ آور اس پر حملہ نہ کر پائے۔ تم خود ہی سوچ لو کہ تم نے کتنی بار حملہ کیا لیکن ان پہرہ داروں نے تم کو ہر بار ناکام بنا کر رکھ دیا اور جس تنگ و تاریک کو ٹھری میں عمل جاری ہوا تھا وہ بد ستور اپنی جگہ کام کرتا رہا اور کتنے اطوار میں سے اس کو گزار کر اس کے آخری اطوار میں داخل کر کے ایک بچے کی خوبصورت شکل تمہارے سامنے پیش کردی اور اس سارے عمل میں تمہارا کوئی حصہ اور کوئی محنت ؟ نہیں اور یقینا نہیں ‘ اچھا اس میں تمہارا کوئی عمل اور حصہ نہیں تو تمہارے ان پیرو ‘ بزرگوں ‘ مرشدوں ‘ دیوی دیوتائوں اور داتوں کا کوئی حصہ ہے ؟ نہیں اور یقینا نہیں تو پھر اس سے بڑی حماقت اور کیا ہو سکتی ہے کہ اسی ربِّ ذوالجلال والاکرام کا تم انکار کر دو یا اس کے ساتھ تم دوسروں کو شریک ٹھراہنے لگو۔ پھر بھی ذراغور کرو کہ جس اللہ ربِّ کریم کی قدرت و حکمت کا یہ عالم ہے کیا مرنے کے بعد تمہیں دوبارہ زندہ کرنا اس کے لیے مشکل ہے ؟ اگر نہیں اور یقینا نہیں تو پھر تم اس پر یقین کیوں نہیں کرتے ؟ اور اس حقیقت کو سمجھنے کی کوشش کیوں نہیں کرتے ؟
Top