Tafseer-e-Madani - As-Saff : 12
یَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوْبَكُمْ وَ یُدْخِلْكُمْ جَنّٰتٍ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ وَ مَسٰكِنَ طَیِّبَةً فِیْ جَنّٰتِ عَدْنٍ١ؕ ذٰلِكَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُۙ
يَغْفِرْ لَكُمْ : بخش دے گا تمہارے لیے ذُنُوْبَكُمْ : تمہارے گناہوں کو وَيُدْخِلْكُمْ : اور داخل کرے گا تم کو جَنّٰتٍ : باغوں میں تَجْرِيْ : بہتی ہیں مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ : ان کے نیچے سے نہریں وَمَسٰكِنَ : اور گھروں (میں طَيِّبَةً : پاکیزہ فِيْ جَنّٰتِ عَدْنٍ : ہمیشگی کے باغوں میں ذٰلِكَ الْفَوْزُ : یہی ہے کامیابی الْعَظِيْمُ : بڑی
(کہ اس سے) اللہ بخشش فرما دے گا تمہارے گناہوں کی اور داخل فرما دے گا تم کو ایسی عظیم الشان جنتوں میں جن کے نیچے سے بہہ رہی ہوں گی (طرح طرح کی عظیم الشان) نہریں اور تم کو نوازے گا وہ ایسے پاکیزہ گھروں سے جو کہ ابدی قیام کی (اور سدا بہار) جنتوں میں ہوں گے یہی ہے بڑی کامیابی
[ 25] اصل اور حقیقی کامیابی کی نشاندہی : سو اس میں واضح ارشاد فرمایا گیا کہ جنت اور اس کی حقیقی اور ابدی نعمتوں سے سرفرازی ہی اصل اور حقیقی کامیابی ہے۔ چناچہ ارشاد فرمایا گیا اور انداز حصر و قصر کے ساتھ ارشاد فرمایا گیا کہ اصل اور حقیقی کامیابی یہی اور صرف یہی ہے، جس کے سامنے اس دنیا کی بڑی سے بڑی کامیابی بھی ہیچ ہے، سو تم لوگ ذرہ سوچو کہ یہ کتنی بڑی سعادت اور کیسی عظیم الشان کامیابی ہے کہ اس فانی دنیا کے حطام زائل اور متاع فانی کے عوض کونین کی اس عظیم الشان دولت سے سرفرازی کا سامان کیا جا رہا ہے جو لازوال ہے، کیا اپنی متاع فانی کے عوض ایسی بڑی کامیابی کا کوئی تصور بھی کیا جاسکتا ہے ؟ سو اسی کو اپنا مطمح نظر اور مقصد حیات اور نصب العین بنانا چاہئے، اور اسی میدان میں باہم مسابقہ اور مقابلہ کرنا چاہیے نہ کہ دنیاء دوں کے اس متاع فانی اور حطام زائل کے لئے جو کہ بہرحال ایک عارضی اور فانی چیز ہے، اور جنہوں نے اسی دنیا کو مقصود حیات اور قبلہ توجہ بنارکھا ہے وہ بڑے ہی خسارے میں ہیں۔ کیونکہ اصل چیز آخرت کی حقیقی اور ابدی زندگی کی کامیابی ہے اسی کو اپنا نصیب العین بنانا ناعقل و نقل کا تقاضا ہے اور اسی کیلئے مسابقہ اصل مسابقہ ہے۔ " وفی ذلک فلیتنافس المتنافسون " اور اسی کے لئے محنت کرنے کی اصل ضرورت ہے۔ " لمثل ھذا فلیعمل العاملون " وباللّٰہ التوفیق لما یحب ویرید، وعلی ما یحب ویرید، وھو الھادی الیٰ سواء السبیل، اللہ تعالیٰ ہمیشہ راہ حق و صواب پر مستقیم و ثابت قدم رکھے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین، ویا ارحم الراحمین،
Top