Tafseer-e-Madani - Al-Hijr : 77
ثُمَّ اِنَّكُمْ اَیُّهَا الضَّآلُّوْنَ الْمُكَذِّبُوْنَۙ
ثُمَّ اِنَّكُمْ : پھر بیشک تم اَيُّهَا الضَّآلُّوْنَ : اے گمراہو الْمُكَذِّبُوْنَ : جھٹلانے والو
پھر تم سب کو اے گمراہو جھٹلانے والو
[ 46] منکرین و مکذبین کو براہ راست خطاب ان کی تحقیر و تذلیل کیلئے۔ والعیاذ باللّٰہ : سو مکذبین و منکرین کو براہ راست خطاب کر کے ارشاد فرمایا گیا کہ پھر تم سب کو اپنے کئے کرائے کا بھگتان بھگتنا ہوگا جو زندگی بھر جھٹلاتے رہے حق و حقیقت کی اس دعوت صادقہ کو، جو حضرات انبیاء ورسل اور ان کے اتباع اور سچے پیروکاروں کی طرف سے تمہیں دی جاتی رہی، سو حضرات انبیاء ورسل اور ان کے وارثین و جانشین علماء حقانیین کی دعوت وپکار کی تکذیب اور اس سے انقطاع و انحراف جڑ بنیاد ہے تمام فتنہ و فساد اور ہلاکت و تباہی کی، والعیاذ باللّٰہ العظیم، سو مکذبین و منکرین کو خطاب کر کے متنبہ فرمایا گیا اور ان کو بتایا گیا کہ تم باز آجاؤ اپنے اس انکار اور تکذیب سے، ورنہ تیار ہوجائے اس ہولناک انجام کیلئے جو آگے تم لوگوں کو پیش آنے والا ہے، جو کہ بڑا ہی ہولناک ہوگا اور جس سے بچنے اور نکل بھاگنے کی پھر کوئی صورت تمہارے لیے ممکن نہ ہوگی۔ والعیاذ باللّٰہ العظیم۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ اپنے حفظ وامان میں رکھے۔ آمین ثم آمین، یا رب العالمین، ویا ارحم الراحمین، واکرم الاکرمین، اللہم زدنا ایمانا بک ویقینا، وحبا فیک وخشوعا، وخذنا بنواصینا الٰی ما فیہ طاعتک ومرضاتک بکل حال من الاحوال، وفی کل حین من الاحیان، بمحض منک وکرمک احسانک، یا ذالجلال والاکرام، ویا دائم الفضل والاحسان۔
Top