Tafseer-e-Madani - Al-Waaqia : 36
فَجَعَلْنٰهُنَّ اَبْكَارًاۙ
فَجَعَلْنٰهُنَّ : تو بنایا ہم نے ان کو اَبْكَارًا : کنواریاں
کہ انہیں کنواری بنادیں گے
[ 33] اہل جنت کی بیویوں کی ایک منفرد صفت کا ذکر وبیان : کہ وہ ہمیشہ کنواری ہی رہیں گی چناچہ ارشاد فرمایا گیا کہ ہم انہیں کنواری بنادیں گے کہ صحبت اور مقاربت کے باوجود وہ کنواری کی کنواری ہی رہیں گی، [ خازن، صفوۃ وغیرہ ] اور یہ شان بھی وہیں کی ان عورتوں کی ایک خصوصی اور امتیازی شان ہوگی جو اس دنیا میں نہیں پائی جاسکتی، سو ان کی اس خاص اٹھان کی بناء پر ان کی شان اور صفت یہ ہوگی کہ وہ کنواری اور جوان کی جوان ہی رہیں گی، ان کا حال دنیا کی عورتوں سے بالکل مختلف ہوگا، ان کے مرد جب بھی ان سے ملاقات کریں گے ان کی ملاقات اس اعتبار سے گویا پہلی ہی ملاقات ہوگی، وہاں پر ان کی اس مختلف نشوونما کے نتیجے میں ان کا معاملہ دنیاوی عورتوں کے برعکس اس طرح کا ہوگا کہ ان کے کنوارپن، ان کے حسن و جوانی، اور ان کی رعنائی و دلربائی، پر کبھی خزاں نہیں آئے گی۔ سو جس طرح اہل جنت کو ملنے والی ہر نعمت بےمثال ہوگی اسی طرح ان کی بیویوں اور حوران جنت کی شان بھی بےمثال ہوگی۔ والحمدللّٰہ جل وعلا۔
Top