Jawahir-ul-Quran - Al-Waaqia : 20
وَ فَاكِهَةٍ مِّمَّا یَتَخَیَّرُوْنَۙ
وَفَاكِهَةٍ : اور پھل مِّمَّا يَتَخَيَّرُوْنَ : اس میں سے جو وہ چن لیں گے
اور میوہ10 جونسا پسند کرلیں
10:۔ ” وفاکہۃ “ فاکہۃ اور لحم دونوں اکواب پر معطوف ہیں۔ وہ غلمان جنت میں سابقین کی خدمت میں ان کی مرضی اور پسند کے میوے پیش کریں گے اور ان کی خواہش کے مطابق پرندوں کا گوشت حاضر کریں گے۔ ” وحور الخ “ یہ ولدان پر معطوف ہے یا یہ مبتدا ہے اور اس کی خبر محذوف ہے۔ ای لھم حور کا مثال اللؤلؤ الخ، یہ حور کی صفت ہے یا اس سے حال ہے (روح) حوروں کی سچے موتیوں سے تشبیہ چہرے کی چمک دمک اور صفاء بشرہ میں ہے۔ جنت میں ان کے لیے ایسی عورتیں ہوں گی جن کی آنکھیں سیاہ اور موٹی ہوں گی اور وہ حسن و جمال اور چہرے کی چمک دمک میں ان سچے موتیوں کی مانند ہوں گی جن کو گرد و غبار سے بچا کر بحفاظت رکھا گیا ہو۔ ” جزاء بما کانوا یعملون “ جزاء فعل مقدر کا مفعول لہ یا مفعول مطلق ہے۔ مفعول لہ ای یفعل بھم ذلک کلہ لجزاء اعمالہم او مصدر ای یجزون جزاء (مدارک ج 4 ص 163) ۔ یہ سارے انعامات ان کے اعمال صالحہ کا صلہ ہوں گے۔
Top