امیران اندلس

جنوبی فرانس کی فتح

امیر عنبسہ نے ملک کے انتظام سے فارغ ہو کر ملک فرانس پر چڑھائی کی‘ علاقۂ ناربون مسلمانوں کے قبضہ میں موجود تھا اس لیے جبل البرتات سے گزرنے میں کوئی وقت پیش نہ آئی‘ امیر عنبسہ نے تمام جنوبی فرانس کو فتح کر لیا اور فرانس کے وسط میں پہنچ کر مشرق و مغرب کی جانب فوجیں پھیلا دیں اس وقت مال غنیمت کی کثرت سے مسلمان بہت بوجھل ہو گئے تھے‘ فرانسیسیوں نے اپنی تمام فوجوں کو فراہم کر کے اپنے نصف سے زیادہ ملک کی پامالی کا تماشا دیکھا‘ آخر ایک مناسب اور موزوں وقت و مقام پر انہوں نے اپنی پوری طاقت سے اسلامی لشکر کا مقابلہ کیا‘ اس مرتبہ بھی مسلمانوں نے اپنی انتہائی بہادری کا ثبوت دیا اور فرانسیسیوں کے دانت کھٹے کر دیئے۔