مسلمانوں سے پہلے اندلس کی حالت
صوبوں اور ولاتیوں کی تفصیل
اس جزیرہ نما کے مشہور صوبوں اور ولاتیوں کی تفصیل اس طرح ہے‘ گوشۂ جنوب و مغرب میں پر تغال‘ شمال و مغرب میں جلیقیہ کا صوبہ ہے‘ شمال میں استوریہ‘ قسطلہ‘ اربونیہ‘ ارغوان کے صوبہ ہیں‘ شمال و مشرق ہیں قطلونیہ‘ مشرق میں اندلوسہ کے صوبے ہیں طیطلہ اندلس یا ہسپانیہ کے وسط میں ہے‘ قرطبہ اور غرناطہ کے مشہور شہر صوبۂ اندلوسہ یعنی جزیرہ نما کے جنوبی حصہ میں واقع ہیں‘ اشبیلیہ بھی جنوبی و مغربی علاقہ میں مشہور شہر تھا‘ اس جزیرہ نما کا سب سے زیادہ زرخیز و آباد اور قیمتی علاقہ جنوبی حصہ یعنی صوبہ اندلوسیہ ہے اور یہی جنوبی حصہ زیادہ عرصہ تک مسلمانوں کے قبضہ میں رہا جیسا کہ آگے بیان ہونے والا ہے۔