مسلمانوں سے پہلے اندلس کی حالت
جغرافیۂ اندلس
یورپ کے نقشے میں جنوب و مغرب کی جانب ایک نمایاں جزیرہ نما ہے جس کے ذریعہ یورپ کا برّاعظم افریقہ کے براعظم سے ملتا یعنی اس جزیزہ نما کا جنوبی گوشہ مراکش کے شمالی گوشہ سے بغل گیر ہو کر ایک خاکنائے بنانا چاہتے تھے کہ بحر روم یا بحر متوسط نے بحر ظلمات یا بحر اطلانطک سے مصافحہ کرنے میں سبقت کی اور یورپ و افریقہ کے درمیان قریباً دس میل کا فاصلہ رہ گیا‘ بحر متوسط اور خلیج بسکی ایک دوسرے کی طرف بڑھ کر یورپ کے اس جزیرہ نما کو جزیرہ بنانا چاہتے تھے‘ مگر جبل البرتات یا کوہ پیری نیز کے سلسلے نے ایک سنگین دیوار اٹھا کر اس جزیرہ نما کو فرانس سے جدا تو کر دیا‘ لیکن جزیرہ نہ بننے دیا‘ یورپ کے اس جنوبی و مغربی جزیرہ نما کو آئی بیریا‘ اسپین‘ ہسپانیہ‘ اندلس وغیرہ ناموں سے تعبیر کیا جاتا ہے‘ جس کا رقبہ دو لاکھ مربع میل سے زیادہ ہے۔