دوسری فصل
ترکمانان قراقونلی آذربائیجان
یہ بھی مثل جلائر خاندان کے مغلیہ افواج کی سرداری رکھتے تھے‘ اس خاندان نے آذربائیجان میں نہروان کے جنوبی ملکوں میں اپنی حکومت قائم کی اور ۷۸۰ھ سے ۸۷۴ھ تک حکمراں رہے‘ ان میں قرا یوسف ترکمان بہت مشہور ہے‘ ان لوگوں سے آق قونلی ترکمانوں نے حکومت چھین لی۔ قراقونلی کے معنی سیاہ بھیڑ کے ہیں۔ یہ لوگ اپنے جھنڈے پر سیاہ بھیڑ کی تصویر بناتے تھے اس لیے ان کو قراقونلی کہا جاتا ہے‘ اسی طرح آق قیونلی کے معنیٰ سفید بھیڑ کے ہیں‘ جو لوگ اپنے جھنڈے پر سفید بھیڑ کی تصویر رکھتے تھے وہ آق قونلی کہلائے۔