دوسری فصل
دولت ایوبیہ
اتابکان شام و عراق کا ذکر اوپر ہو چکا ہے‘ ان میں عماد الدین زنگی نے کردستان کے رہنے والے ایک کر دسردار مسمی ایوب بن شادی کو شہر بعلبک کا محافظ و حاکم اپنی طرف سے مقرر کیا تھا‘ رفتہ رفتہ وہ بڑا سردار ہو گیا‘ ایوب کا ایک چھوٹا بھائی شیر کوہ تھا‘ عماد الدین کے فوت ہونے پر جب اس کا بیٹا نورالدین محمود زنگی تخت نشین ہوا تو اس نے شیرکوہ کو حمص اور رحبہ کی حکومت عطا کی‘ شیرکوہ کی قابلیت و بہادری کا اندازہ کر کے نورالدین نے شیرکوہ کو اپنی فوج کا سپہ سالار بنایا‘ جب نور الدین نے شیرکوہ کو مصر کی طرف بھیجا تو اس کے بھتیجے صلاح الدین نے ۵۶۴ھ میں اپنی حکومت کی بنیاد قائم کی‘ پھر بہت جلد اس کی حکومت میں مصر و شام و حجاز وغیرہ شامل ہو گئے۔
صلاح الدین کی قائم کی ہوئی سلطنت کا نام دولت ایوبیہ ہے‘ اس خاندان میں ۶۴۸ھ تک حکومت قائم رہی۔ صلاح الدین کے بعد اس خاندان کے بھی کئی ٹکڑے ہو گئے‘ حماۃ میں اس خاندان کی ایک شاخ ۷۴۲ھ تک قائم رہی‘ جو شاخ اس خاندان کی مصر میں حکمراں تھی‘ اس کو ایوبیہ عادلیہ کہتے ہیں‘ انہیں کے جانشین میں مصر میں مملوک ہوئے۔