پہلی فصل
حاجب
حاجب خلیفہ کی ذات کا محافظ اور خلیفہ کی ذات کے محافظ دستہ کا افسر ہونے کے علاوہ خلیفہ کی خدمت میں سب سے بڑھ کر رسوخ رکھنے والا شخص ہوتا تھا‘ حاجب سفر و حضر میں ہمیشہ خلیفہ کے ساتھ رہتا اور ہر ایک تنہائی کے وقت خلیفہ کا مونس ہوتا تھا‘ قصر خلافت کے تمام خدام اور پہرہ چوکی کے سپاہی اسی کے محکوم ہوتے تھے‘ دربار میں وہ ہر نئے داخل دربار ہونے والے شخص کا ادب آموز اور خلیفہ کے ہر ایک حکم کی تعمیل کے لیے ہمہ اوقات مستعد رہتا تھا۔
حاجب سے بسا اوقات وزیراعظم کو بھی دبنا پڑتا تھا‘ حاجب خلیفہ کے رازوں سے واقف اور خلیفہ کا سب سے بڑا معتمد ہوتا تھا‘ ہارون الرشید نے اپنے حاجب مسرور ہی کے ذریعہ جعفر برمکی کو قتل کرایا تھا۔