پہلی فصل

سلطان

جس طرح دیلمیوں نے امیر الامراء اپنا خطاب تجویز کیا‘ اسی طرح سلجوقیوں نے اپنے لیے سلطان کا خطاب پسند کیا‘ یہ سلجوقی سلاطین دیلمیوں سے زیادہ طاقتور‘ زیادہ دین دار اور دنیا کے زیادہ وسیع رقبہ پر حکمران تھے‘ مگر دیلمیوں کی نسبت خلیفہ کے زیادہ فرماں بردار تھے‘ دیلمیوں نے دربار خلافت کے تمام اثر و اقتدار کو سلب کر لیا تھا‘ سلجوقیوں نے خلیفہ کی عظمت کو تسلیم کیا اور خلفاء کو حکومت و فرماں روائی کا بھی موقعہ دیا اور انہیں کے زمانہ میں خلفاء نے اپنی شوکت و حکومت کے واپس لینے کی کوشش میں ایک حد تک کامیابی حاصل کی‘ خلفاء عباسیہ کے ابتدائی عہد خلافت میں امیر الامراء اور سلطان کے عہدے نہ تھے۔