محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم

عبدالمطلب کی وفات

دو برس تک عبدالمطلب کی سرپرستی و نگرانی میں پرورش پا کر آپ صلی اللہ علیہ و سلم آٹھ سال کی عمر کو پہنچے تھے کہ عبدالمطلب کا بھی انتقال ہو گیا‘ جب عبدالمطلب کا جنازہ اٹھا تو آپ صلی اللہ علیہ و سلم چشم پر آب جنازے کے ساتھ تھے۔ عبدالمطلب نے مرنے سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے متعلق یہ انتظام کر دیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو اپنے بیٹے ابوطالب کی کفالت میں دے کر خاص طور پر وصیت کی تھی کہ اس لڑکے یعنی اپنے بھتیجے کی خبر گیری میں کوتاہی نہ کرنا‘آپ صلی اللہ علیہ و سلم کے اور بھی چچا یعنی عبدالمطلب کے بیٹے موجود تھے لیکن عبدالمطلب نے جو بہت ہی ذی ہوش انسان تھے آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو ابوطالب کے سپرد اس لیے کیا تھا کہ ابو طالب اور عبداللہ ایک ہی ماں سے پیدا ہوئے تھے‘ لہذا ابوطالب کو اپنے حقیقی بھائی عبداللہ کے بیٹے سے زیادہ محبت ہو سکتی تھی۔ عبدالمطلب کا یہ خیال بالکل درست ثابت ہوا اور ابوطالب نے باپ کی وصیت کو بڑی خوبی و جواں مردی کے ساتھ پورا کیا۔