مروان بن حکم
مروان کا یزید کی بیوہ سے نکاح
مرج راہط کی فتح کے بعد مروان دمشق میں آیا اور یزید بن معاویہ کے محل میں فروکش ہوا‘ یہاں آتے ہی اس نے ابن زیاد کے مشورے کے موافق سب سے پیشتر خالد بن یزید کی ماں ام ہاشم کے ساتھ نکاح کیا‘ تاکہ بنوکلب کی حمایت حاصل رہے اور آئندہ خالد بن یزید کی ولی عہدی کے اندیشے سے نجات حاصل ہو سکے‘ اس کے بعد اس نے فلسطین و مصر کی جانب کوچ کیا اور ۶۵ھ کے ابتدائی ایام میں عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنھما کے تمام ہوا خواہوں کو شکست دے کر قتل یا ملک سے خارج کر دیا۔
عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنھما سے اس معاملہ میں بڑی غلطی ہوئی‘ کہ انہوں نے ملک شام کے ان واقعات و حالات سے جو ان کے موافق پیدا ہو چکے تھے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا اور عین وقت پر اپنے ہوا خواہوں کو کوئی امداد روانہ نہ کر سکے۔ انہوں نے اپنے بھائی مصعب بن زبیر رضی اللہ عنہ کو شام کے ملک پر حملہ کرنے کی ہدایت کی لیکن اس وقت جب کہ موقعہ ہاتھ سے جاتا رہا تھا اور ان کے طرف داروں کی ہمتیں شام میں پست ہو چکی تھیں۔