سیدنا علی رضی اللہ عنہ

ازواج و اولاد

سیدنا علی رضی اللہ عنہ نے باوقات مختلف ۹ بیویاں کیں جن سے چودہ لڑکے اور سترہ لڑکیاں پیدا ہوئیں‘ آپ کا پہلا نکاح سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنھا بنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے ہوا‘ جن کے بطن سے دو لڑکے حسن و حسین رضی اللہ عنھم اور دو لڑکیاں زینب رضی اللہ عنھا اور ام کلثوم رضی اللہ عنھا پیدا ہوئیں۔ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنھا کے فوت ہونے کے بعد آپ نے ام البنین بنت حرام کلابیہ سے نکاح کیا‘ جن کے بطن سے عباس رضی اللہ عنہ جعفر رضی اللہ عنہ ‘ عبداللہ رضی اللہ عنہ عثمان رضی اللہ عنہ چار لڑکے پیدا ہوئے۔ تیسرا نکاح آپ نے لیلی بنت مسعود بن خالد سے کیا‘ جن کے بطن سے عبیداللہ رضی اللہ عنہ و ابوبکر رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے۔ چوتھا نکاح آپ نے اسما بنت عمیس رضی اللہ عنہ سے کیا‘ جن کے بطن سے محمد الاصغر رضی اللہ عنہ اور یحییٰ رضی اللہ عنہ پیدا ہوئے‘ یہ آخرالذکر آٹھوں بھائی معرکہ کربلا میں اپنے بھائی سیدنا حسین رضی اللہ عنہ کے ساتھ شہید ہوئے۔ پانچواں نکاح آپ نے امامہ بنت ابی العاص رضی اللہ عنہ بن الربیع بن عبدالعزی بن عبدشمس سے کیا‘ جن کی ماں زینب بنت رسول اللہ تھیں‘ ان کے بطن سے محمد الاوسط پیدا ہوئے۔ چھٹا نکاح آپ نے خولہ بنت جعفر سے کیا‘ جو قبیلہ بنو حنیفہ سے تعلق رکھتی تھیں‘ ان کے بطن سے محمد الاکبر پیدا ہوئے‘ جن کو محمد بن الحنفیہ بھی کہتے ہیں۔ ساتواں نکاح آپ نے صہبا بنت ربیعہ تغلبیہ سے کیا‘ جن کے بطن سے ام الحسن‘ رملۃ الکبریٰ اور ام کلثوم صغریٰ پیدا ہوئیں۔ آٹھواں نکاح آپ نے ام سعید بنت عروہ بن مسعود ثقفیہ سے کیا جن سے تین صاحبزادیاں پیدا ہوئیں۔ نواں نکاح آپ نے بنت امراء القیس بن عدی بن کلبی سے کیا‘ جن کے بطن سے صرف ایک لڑکی پیدا ہو کر کم سنی میں فوت ہو گئیں۔ مندرجہ بالا لڑکیوں کے سوا اور بھی لڑکیاں تھیں جن کے نام نہیں معلوم ہو سکے‘ ایک لڑکے آپ کے عون بن علی بھی تھے‘ جن کی نسبت بیان کیا گیا کہ وہ بھی اسماء بنت عمیس کے بطن سے پیدا ہوئے تھے۔ سلسلہ نسب آپ کا صرف حسن رضی اللہ عنہ ‘ حسین رضی اللہ عنہ ‘ محمد بن الحنفیہ رضی اللہ عنہ ‘ عباس رضی اللہ عنہ اور جعفر رضی اللہ عنہ سے چلا‘ باقیوں کی نسل باقی نہ رہی۔