مغولان چنگیزی

کیخا توخان ابن ابا قاخان

ارغون خان کے بعد اس کا بھائی کیخا توخان تخت نشین ہوا اس کے عہد حکومت کا قابل تذکرہ اور مشہور واقعہ یہ ہے۔ کہ اس نے ۶۹۳ھ میں نوٹ ایجاد کیا۔ جس کو مغل لوگ یوت کے نام سے موسوم کرتے تھے۔ وہ ایک کاغذ ہوتا تھا۔ جس کے دونوں طرف کلمہ طیبہ لکھا ہوتا تھا۔ کلمہ کے نیچے بادشاہ کا نام اور نوٹ کی قیمت درج ہوتی تھی۔ اس طرح کاغذ کا سکہ جاری ہونے سے تمام ملک میں شور و فغاں برپا ہو گیا۔ اور تجارت پر برا اثر پڑا۔ لوگ حیرت کے ساتھ اس کاغذ کو دیکھتے تھے۔ اور کہتے تھے کہ ہم بجائے روپیہ یا اشرفی کے اس کو کس طرح قبول کریں۔ جب اس ایجاد میں کیخا توخان کو ناکامی ہوئی تو اس نے مجبوراً اس کے رواج کو روک دیا۔