مغولان چنگیزی

چنگیز خاں کی ممالک اسلامیہ کی طرف توجہ

۶۱۵ھ میں چنگیز خان فوج لے کر ممالک اسلامیہ کی طرف متوجہ ہوا۔ اور مقام انزار کے قریب پہنچ کر جوجی خان اوکتائی خان اور چغتائی خان تینوں بیٹوں کو انزار کے محاصرے پر مامور کیا۔ اور الاق نویان و منکوبوقا کو خجند اور نباکت کی جانب فوج دے کر روانہ کیا اور خود اپنے چھوٹے بیٹے تولی خان کو ہمراہ لے کر بخارا کی طرف متوجہ ہوا۔ مغلوں کے اس حملہ کا حال سن کر خوارزم شاہ نے ساٹھ ہزار فوج حاکم انزار کی مدد کے لئے روانہ کی۔ اور تیس ہزار سوار بخارا کی طرف بھیجے۔ دو لاکھ دس ہزار فوج سمرقند کی حفاظت پر مامور کی اور ساٹھ ہزار آدمی برج اور قلعہ کی تعمیر و استحکام کے لئے مقرر کئے اور خود سمرقند سے خراسان کی طرف روانہ ہوا۔