مغولان چنگیزی
تومنہ خان کی تعبیر
تومنہ خان نے سن کر کہا کہ قبل خان کی چوتھی پشت میں کوئی عظیم الشان بادشاہ پیدا ہو گا۔ اور تیری آٹھویں پشت میں ایک عظیم الشان بادشاہ پیدا ہو گا۔ اور میری نسل میں عرصہ دراز تک حکومت و سلطنت رہے گی۔ اس کے بعد تومنہ خان نے قبل خان اور قاچولی بہادر دونوں کو آپس میں متحد و متفق رہنے کی نصیحت کی اور دونوں بیٹوں کے درمیان ایک عہد نامہ لکھوا کر دونوں کے دستخط کرائے اور اپنی بھی مہر لگا کر خزانچی کے سپرد کیا کہ یہ عہد نامہ نسلاً بعد نسل باقی اور محفوظ رہنا چاہیے۔ اس عہد نامہ میں لکھا گیا تھا کہ بادشاہت و حکومت قبل خان کی اولاد میں رہے گی۔ اور فوج کی سپہ سالاری قاچولی بہادر کی اولاد سے مخصوص رہے گی۔ تومنہ خان کی وفات کے بعد قبل خان تخت حکومت پر بیٹھا۔ قبل خان کے بعد قویلہ خان‘ قویلہ خان کے بعد برتان خان‘ اور برتان بہادر کے بعد میسوکا بہادر تخت نشین ہوا۔