مغولان چنگیزی
ترک کا اطلاق
آدم ثانی سیدنا نوح کے تین بیٹے تھے۔ جن کے نام حام۔ سام اور یافث تھے۔ یافث کی اولاد بلاد مشرقیہ ملک چین وغیرہ میں آباد ہوئی۔ یافث کی اولاد میں ایک شخص ترک نامی ہوا۔ اس کی اولاد چین و ترکستان میں پھیل گئی۔ اور وہ سب ترک کہلائے۔ بعض لوگ غلطی سے افر اسیاب کو بھی ترک سمجھتے ہیں حالانکہ وہ ایران کے شاہی خاندان کیانی سے تعلق رکھتا اور فریدوں کی اولاد میں سے تھا۔ چونکہ وہ ترکستان کا بادشاہ تھا۔ اس لیے غلطی سے لوگوں نے اس کو ترک قوم میں شمار کیا۔ ترک بن یافث کی اولاد چین و ترکستان و ختن وغیرہ میں جب خوب پھیل گئی۔ تو انہوں نے امن و امان اور نظام کے قائم رکھنے کے لیے ایک شخص کو اپنا سردار تجویز کرنا ضروری سمجھا۔ رفتہ رفتہ ان میں بہت سے قبیلے اور گروہ پیدا ہو گئے۔ ہر قبیلے اور ہر گروہ نے اپنا ایک ایک سردار بنایا۔ اور یہ تمام سردار ایک سب سے بڑے سردار کے ماتحت سمجھے جاتے تھے۔ لہٰذا ترک بن یافث کی اولاد کے ہر قبیلے پر ترک کا لفظ بولا جاتا تھا۔ اور تمام باشندگان چین و ختن و ترکستان ترک کہلائے جاتے تھے۔