دولت عبیدیین مصر و افریقہ میں
منصور حاکم بن عزیز عبیدی
منصور الملقب بہ حاکم نے تخت نشین ہو کر امور سلطنت کا اختیار حسن بن عمار کتامی کے ہاتھ میں دے دیا۔ کتامیوں نے بر سر اقتدار ہو کر ملک میں لوگوں کو بہت پریشان کیا۔ ادھر مشرق سے دیلمی خاندان کے بعض افراد بھی بوجہ شیعہ ہونے کے مصر پہنچ گئے تھے۔ اور دولت عبیدیین کی حمایت میں سر فروشی کا اظہار کرنے سے مشرقیوں کی ایک کافی تعداد مصر میں موجود تھی۔ بالآخر مشرقی اور مغربی گروہوں میں خانہ جنگی ہوئی۔ دمشق و حجاز وغیرہ میں بھی بغاوتیں ترقی پذیر رہیں۔ دمشق پر کبھی عرب قابض ہو جاتے تھے۔ کبھی ترکی غلام کبھی مصری سردار غرض مصر و شام و حجاز و افریقہ میں بدامنی و فساد کی خوب گرم بازاری رہی۔