مراکش و افریقہ

سلطنت اغلبیہ کا خاتمہ

شہر قمودہ پر اس کے قبضے کا حال سن کر ابومضر زیادۃ اللہ مقام رقادہ سے جہازوں میں مع اپنے مال و اسباب کے سوار ہو کر مشرق کی طرف چلا گیا۔ اول اس نے اسکندریہ میں اترنا چاہا۔ مگر وہاں حاکم مضر نے اس کو اترنے سے روک دیا۔ مجبوراً وہ ساحل شام پر اترا اور مقام رقہ میں مقیم ہوا۔ اور وہیں فوت ہو کر خاندان اغلبیہ کا خاتمہ کر گیا۔ ۲۹۶ھ میں ابوعبداللہ شیعی نے تمام حدود سلطنت اغلبیہ پر قبضہ کر کے عبیداللہ مہدی کے لیے لوگوں سے بیعت لی۔ اور اس طرح سلطنت اغلبیہ کا خاتمہ ہو کر دولت عبیدیین کی ابتدا ہوئی۔ اسی سال قیروان و رقادہ وغیرہ پر قابض ہو کر ابوعبداللہ شیعی نے ۲۹۰ھ میں حسن بن خزیر کتامی کو جزیرہ صقلیہ کا گورنر مقرر کر کے روانہ کیا۔ ۲۹۹ھ میں صقلیہ والوں نے حسن بن خزیر کی بدخوئی سے تنگ آ کر اس کو قید کر لیا۔ اور عبیداللہ مہدی کو معذرت کے ساتھ اطلاع دے کر دوسرا گورنر اپنے جزیرہ کے لیے مقرر کرایا۔