دیگر متحارب سلاطین

صوبہ بطلیوس (غربی اندلس) میں بنو افطس کی حکومت

جب اندلس میں شیرازہ خلافت درہم برہم ہوا تو ابو محمد عبداللہ بن مسلمہ معروف بہ ابن افطس نے غربی اندلس کے صوبہ بطلیوس پر قبضہ کر کے اپنی حکومت و خودمختاری کا اعلان کیا‘ اس کی وفات کے بعد اس کا بیٹا ابوبکر مظفر تخت نشین ہوا‘ مظفر نے نہایت استقلال کے ساتھ حکومت شروع کی‘ اس کی بنو ذوالنون اور بنو عباد سے متعدد لڑائیاں ہوئیں‘ ۴۴۳ھ میں مظفر کو بطلیوس میں قلعہ بند اور محصور ہونا پڑا آخر ابن جمہور نے ان متخاصمین کے درمیان صلح کرا دی‘ ۴۶۰ھ میں مظفر نے وفات پائی اور اس کا بیٹا ابوحفص عمر بن محمد معروف بہ ساجہ تخت نشین ہوا اور اپنا لقب متوکل رکھا۔