دیگر متحارب سلاطین
معتمد بن معتضد بن اسمٰعیل
اس کی جگہ اس کا بیٹا معتمد بن معتضد بن اسمٰعیل تخت نشین ہوا‘ معتمد نے بھی اپنے باپ کی طرح اپنی حدود حکومت کو وسیع کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ بادیس بن حبوس نے بھی معتمد کی سیادت کو تسلیم کیا‘ ۴۴۷ھ میں کیسٹل اور لیون کے عیسائی بادشاہ فرڈی نند اول نے مسلمانوں کو آپس میں مصروف جنگ دیکھ کر اپنی پوری طاقت سے ریاست اشبیلیہ پر حملہ کیا تھا‘ اس وقت سے مسلمان رئیسوں نے اپنے مسلمان رقیبوں کے مقابلے میں فردی نند کو خراج دینا گوارا کر کے اس سے امداد و اعانت طلب کی تھی‘ معتضد نے بھی اس عیسائی بادشاہ کو خراج دینا منظور کر کے اس حملہ سے اپنا پیچھا چھڑایا تھا‘ ۴۵۸ھ میں فردی نند اول فوت ہوا‘ اس کی جگہ اس کا بیٹا الفانسو چہارم کیسٹل میں تخت نشین ہوا‘ یہ بڑا مغرور اور متکبر شخص تھا‘ ۴۶۸ھ میں معتمد نے اپنی طاقت کو خوب مضبوط کر کے عیسائی بادشاہ کو خراج دینا موقوف کیا۔