حکومت بنی حمود

خاندان حمود کا آخری بادشاہ محمد اصغر

اس کے بعد محمد اصغر بن ادریس بن علی بن حمود مالقہ کے تخت پر بیٹھا ۴۵۱ھ میں بادیس بن حابوس بادشاہ غرناطہ نے مالقہ پر حملہ کر کے محمد اصغر کو مالقہ سے بے دخل کر دیا‘ محمد اصغر مالقہ سے المیریا چلا آیا اور ۴۵۶ھ تک یہاں بحالت پریشان مقیم رہا‘ ۴۵۶ھ میں ملیلہ (افریقہ) والوں کی درخواست پر افریقہ چلا گیا‘ اور وہاں کی حکومت اپنے ہاتھ میں لے کر ۴۶۰ھ تک حکومت کرتا رہا‘ محمد اصغر خاندان حمود کا آخری بادشاہ تھا‘ جس نے مالقہ میں ۴۵۱ھ تک حکومت کی‘ اسی خاندان حمود کا ایک اور شخص قاسم بن محمد الملقب بہ واثق باللہ صوبہ جزیرہ میں حکمراں تھا‘ وہ بھی ۴۵۰ھ تک حکمران رہا‘ معتضد بن ابوالقاسم بن عباد بادشاہ اشبیلیہ نے حملہ کر کے ۴۵۰ھ میں جزیرہ پر قبضہ کر کے قاسم بن محمد کو گرفتار کر لیا‘ اس طرح خاندان حمود کی حکومت کا اندلس سے خاتمہ ہوا۔