محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا سے نکاح ‘ معراج نبوی صلی اللہ علیہ و سلم

اسی سال یعنی ماہ شوال ۱۰ نبوی (حاشیہ ۱) میں آپ صلی اللہ علیہ و سلم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنھا بنت سیدنا ابوبکرصدیق رضی اللہ عنہ اور سیدنا سودہ رضی اللہ عنہ بنت زمعہ سے نکاح کیا اسی سال آپ صلی اللہ علیہ و سلم کو معراج ہوئی‘ معراج کی نسبت طبری کا قول ہے کہ ابتدائے وحی یعنی نبوت کے پہلے سال ہوئی‘ جب سے کہ نماز فرض ہوئی‘ ابن حزم کا قول ہے کہ ۱۰ نبوی میں ہوئی‘ بعض روایات سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ معراج ہجرت مدینہ کے قریب ہوئی۔ جس طرح شق صدر کی نسبت علماء کا خیال ہے کہ ایک سے زیادہ مرتبہ ہوا‘اسی طرح معراج کی نسبت بھی بعض علماء کا خیال ہے کہ ایک سے زیادہ مرتبہ ہوئی‘ بہر حال یہ بحث اس جگہ نہیں چھیڑی جا سکتی‘ اس کے لئے دوسری مستقل تصانیف اور تفاسیر و سیر و احادیث کی کتابوں کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔