صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید

دعاکے ذریعہ بارش سے حفاظت

حضرت ابنِ عباس ؓ فرماتے ہیں: حضرت عمر بن خطاب ؓ نے ایک مرتبہ فرمایا: آئو اپنی قوم کی زمین پر چلتے ہیں یعنی ذرا اپنے دیہات دیکھ لیتے ہیں۔ چناںچہ ہم لوگ چل پڑے۔ میں اور حضرت اُبی بن کعب ؓ جماعت سے کچھ پیچھے رہ گئے تھے، اتنے میں ایک بادل تیزی سے آیا اور برسنے لگا۔ حضرت اُبی ؓ نے دعامانگی: اے اللہ! اس بارش کی تکلیف ہم سے دور فرمادے (چناںچہ ہم بارش میں چلتے رہے، لیکن ہماری کوئی چیز بارش سے نہ بھیگی)۔ جب ہم حضرت عمر ؓ اور باقی ساتھیوں کے پاس پہنچے تو ان کے جانور، کجاوے اور سامان وغیرہ سب کچھ بھیگا ہوا تھا۔ حضرت عمر ؓ نے فرمایا: ہمیں تو راستہ میں بہت بارش ملی تو کیا آپ لوگوں کو نہیں ملی؟ میں نے کہا: ابو المُنْذِر یعنی حضرت اُبی ؓ نے اللہ سے یہ دعاکی تھی کہ اس بارش کی تکلیف ہم سے دور فرمادے۔ حضرت عمر ؓ نے فرمایا: تم لوگوں نے اپنے ساتھ ہمارے لیے دعا کیوں نہیں کی؟ 1