صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید

صحابۂ کرام ؓ کی قبروں سے مشک کی خوشبو کا آنا

حضرت محمد بن شُرَحْبِیل کہتے ہیں: ایک آدمی نے حضرت سعد بن معاذ ؓ کی قبر سے ایک مٹھی مٹی لی۔ جب اس نے مٹھی کھولی تو وہ مشک تھی۔ اس پر حضورﷺ نے خوش ہوکر فرمایا: سبحان اللہ! سبحان اللہ! اور خوشی کے آثارحضور ﷺ کے چہرے پر نظر آرہے تھے۔ 1 ابنِ سعد میں دوسری روایت یہ ہے کہ حضرت محمد بن شُرَحْبِیل کہتے ہیں: ایک آدمی نے حضرت سعد بن معاذ ؓکی قبر سے مٹھی بھر مٹی لی اور مٹی لے کر چلاگیا۔ پھر کچھ دیر بعد اس نے مٹی کو دیکھا تو وہ مشک تھی۔ حضرت ابوسعید خدری ؓ فرماتے ہیں: میں بھی اُن لوگوں میں تھا جنھوں نے بقیع میں حضرت سعد ؓ کی قبر کھودی تھی۔ ہم جب بھی مٹی کھود تے تو اس میں سے ہمیں مشک کی خوش بو آتی اور یہ خوش بو کا سلسلہ یوںہی چلتا رہا یہاں تک کہ ہم لحد تک پہنچ گئے۔2