صحابہ کرام ؓ کی غیبی تائید
صحابۂ کرامؓ کا فرشتوں کی باتیں سننا
حضرت اَنَس بن مالک ؓ فرماتے ہیں: ایک مرتبہ حضرت اُبی بن کعب ؓ نے فرمایا: میں مسجدمیں جائوں گا اور اللہ کی ایسی تعریف کروں گا کہ ویسی کسی نے نہیں کی ہوگی۔ چناںچہ جب وہ نماز پڑھ کر اللہ کی حمد وثنا بیان کرنے کے لیے بیٹھے تو انھوں نے اچانک اپنے پیچھے سے ایک بلند آواز سنی کہ کوئی کہنے والا کہہ رہاہے: اے اللہ! تمام تعریفیں تیرے لیے ہیں،اور ساری بادشاہت تیری ہے، اور ساری خیریں تیرے ہاتھ میں ہیں، اور سارے چھپے اور پوشیدہ اُمور تیری طرف ہی لوٹتے ہیں، ساری تعریفیں تیرے لیے ہیں، تو ہر چیز پر قادر ہے، میرے پچھلے سارے گناہ معاف فرما، اور آیندہ زندگی میں ہر گناہ اور ہرناگواری سے میری حفاظت فرما، اور ان پاکیزہ اعمال کی مجھے توفیق عطافرما جن سے تو مجھ سے راضی ہوجائے،اور میری توبہ قبول فرما۔ حضرت اُبی ؓ نے حضورﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر سارا قصہ سنایا۔ آپ نے فرمایا: یہ حضرت جبرائیل ؑ تھے۔ 4