صحابہ کرام ؓ کا ذکر

بے چینی، پریشانی اور رنج وغم کے وقت کی دعائیں

حضرت علیؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے مجھے یہ کلمات سکھائے اور فرمایا: جب تمھیں کوئی پریشانی یا سختی پیش آیا کرے تو انھیں پڑھا کرو: لَا إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ الْحَلِیْمُ الْکَرِیْمُ، سُبْحَانَ اللّٰہِ وَتَبَارَکَ اللّٰہُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ۔ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو حلیم اور کریم ہے۔ اﷲ پاک اور بابرکت ہے جو کہ عظیم عرش کا ربّ ہے۔ تمام تعریفیں اﷲ کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کا ربّ ہے۔1 حضرت انسؓفرماتے ہیں: حضورﷺ جب کسی بات کی وجہ سے پریشان اور بے چین ہوتے تو فرماتے: یَا حَيُّ یَا قَیُّوْمُ! بِرَحْمَتِکَ أَسْتَغِیْثُ۔ اے ہمیشہ زندہ رہنے ولے! اے دوسروں کو قائم رکھنے والے! تیری رحمت کے واسطہ سے فریاد کرتا ہوں۔2 حضرت اَسماء بنت عُمَیسؓ فرماتی ہیں: جب حضورﷺ کو غم یا پریشانی پیش آتی تو فرمایا کرتے: اَللّٰہُ اَللّٰہُ رَبِّيْ لَا أُشْرِکُ بِہٖ شَیْئًا۔ اﷲ،اﷲ میرا ربّ ہے، میں اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں کرتا۔3 ابنِ جریر اور ابنِ ابی شیبہ میں حضرت اَسماءؓکی روایت اس طرح سے ہے کہ مجھے حضور ﷺ نے پریشانی کے وقت پڑھنے کے لیے یہ کلمات سکھائے اور پچھلے کلمات ذکر کیے۔4 حضرت ابنِ عباسؓ فرماتے ہیں: ہم سب گھر میں تھے حضورﷺ نے دروازے کی دونوں چوکھٹوں کو پکڑ کر فرمایا: اے بنو عبدالمطّلب! جب تم لوگوں کو کوئی پریشانی، سختی یا تنگ دستی پیش آئے تو یہ کلمات کہا کرو: اَللّٰہُ اَللّٰہُ رَبُّنَا لَا نُشْرِکُ بِہٖ شَیْئًا۔1 حضرت ابنِ عباسؓفرماتے ہیں: حضورﷺ پریشانی کے وقت یہ کلمات پڑھا کرتے تھے: لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُُ الْعَظِیْمُ الْحَلِیْمُ۔ لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُُ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۔ لَا إِلٰـہَ إِلَّا اللّٰہُ رَبُّ السَّمَاوَاتِ وَرَبُّ الْأَرْضِ وَرَبُّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ۔ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو عظیم اور حلیم ہے۔ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو کہ عرشِ عظیم کا ربّ ہے۔ اﷲ کے سوا کوئی معبود نہیں جو آسمانوں اور زمین کا ربّ ہے اور عرشِ کریم کا ربّ ہے۔ 2 حضرت ثوبان ؓ فرماتے ہیں: جب حضور ﷺ کسی چیز سے خوف محسوس کرتے تو فرماتے: اَللّٰہُ اَللّٰہُ رَبِّيْ لَا أُشْرِکُ بِہٖ شَیْئًا۔3 حضرت ابو الدرداءؓ نے فرمایا: جو بندہ بھی سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گا چاہے وہ سچے دل سے پڑھے یا جھوٹے دل سے، اﷲ تعالیٰ اس کے غم اور پریشانی کو ضرور دور کر دیں گے۔ وہ دعا یہ ہے: حَسْبِيَ اللّٰہُ لَا إِلٰـہَ إِلَّا ھُوَ عَلَیْہِ تَوَکَّلْتُ وَہُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ۔ اللہ مجھے کافی ہے، اس کے سوا کوئی معبود نہیں، اسی پر میں نے بھروسہ کیا اور وہ عظیم عرش کا ربّ ہے۔4 حضرت ابنِ عباسؓفرماتے ہیں: جسے کوئی فکر یا غم یا پریشانی پیش آئے یا اسے کسی بادشاہ سے خوف ہو اور وہ ان کلمات کے ذریعہ سے دعا کرے گا تو اس کی دعا ضرور قبول ہوگی: أَسْأَلُکَ بِلَا إِلٰہَ إِلَّا أَنْتَ رَبَّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ وَرَبَّ الْعَرْشِ الْعَظِیْمِ، وَأَسْأَلُکَ بِلَا إِلٰہَ إِلَّا أَنْتَ رَبَّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ وَرَبَّ الْعَرْشِ الْکَرِیْمِ، وَأَسْأَلُکَ بِلَا إِلٰہَ إِلَّا أَنْتَ رَبَّ السَّمَاوَاتِ السَّبْعِ وَالْأَرْضِیْنَ السَّبْعِ وَمَا فِیْھِنَّ، إِنَّکَ عَلٰی کُلِّ شَيْئٍ قَدِیْرٌ۔ میں تجھ سے اس بات کے واسطے سے سوال کرتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، اے ساتوں آسمانوں کے اورعظیم عر ش کے ربّ! اور میں تجھ سے اس بات کے واسطے سے سوال کرتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، اے ساتوں آسمانوں کے اور کریم عرش کے ربّ!اور میں تجھ سے اس بات کے واسطے سے سوال کرتا ہوں کہ تیرے سوا کوئی معبود نہیں، اے ساتوں آسمانوں کے، ساتوں زمینوں کے اور ان تمام چیزوں کے ربّ جو اِن میں ہیں! بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔ پھر تم اﷲ سے اپنی ضرورت مانگو۔ 1