صحابہ کرام ؓ کا ذکر

حضورﷺ کی اپنے کمزور صحابہؓ کے لیے دعا

حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں: حضورﷺ نے نماز سے سلام پھیرا اور ابھی آپ کا چہرہ قبلہ کی طرف تھا کہ آپ نے سر اٹھا کر یہ دعا مانگی: اے اﷲ!سَلَمہ بن ہِشام، عیّاش بن ابی ربیعہ، ولید بن ولید اور ان تمام کمزور مسلمانوں کو (ظالم کافروں کے ہاتھ سے) چھڑا دے جو کوئی تدبیر نہیں کر سکتے اور جنھیں کوئی راستہ سجھائی نہیں دیتا۔4 ابنِ سعد کی دوسری روایت میں یہ ہے: حضرت ابو ہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ جب حضور ﷺ نے فجر کے رکوع سے سر اٹھایا تو یہ دعا فرمائی: اے اﷲ! ولید بن ولید، سَلَمہ بن ہِشام، عیّاش بن ابی ربیعہ اور مکہ کے تمام کمزور مسلمانوں کو (کافروں سے) نجات نصیب فرما۔ اے اﷲ! قبیلۂ مُضَر کی سخت پکڑ فرما اور انھیں قحط سالی میں ایسے مبتلا فرما جیسے تو نے حضرت یوسف ؑ کے زمانہ میں سات سال کا قحط بھیجا تھا۔