صحابہ کرام ؓ کا ذکر
ذکر میں کون سی چیزیں شامل ہیں
حضرت ابوالدرداء ؓ فرماتے ہیں کہ حضورﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن اللہ تعالیٰ بعض قوموں کا حشر ایسی طرح فرمائیں گے کہ ان کے چہروں میں نور چمکتاہوا ہوگا، وہ موتیوں کے منبروں پر ہوں گے، لوگ ان پر رشک کرتے ہوں گے، وہ اَنبیا اور شُہدا نہیں ہوں گے ۔ایک دیہاتی نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر عرض کیا: یا رسول اللہ! ان کا حال بیان کردیجیے تاکہ ہم انھیں پہچان لیں۔ حضورﷺ نے فرمایا: یہ مختلف جگہوں کے اور مختلف خاندانوں کے وہ لوگ ہوں گے جو اللہ کی وجہ سے آپس میں محبت کریں، اور ایک جگہ جمع ہوکر اللہ کے ذکر میں مشغول ہوں۔6
حضرت عمروبن عَبَسہ ؓ فرماتے ہیں: میں نے حضورﷺ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رحمن کے دائیں طرف ایسے لوگ ہوں گے جو اَنبیا اور شُہدا نہیں ہوں گے، اور رحمن کے دونوں ہاتھ دائیں ہیں۔ ان کے چہروں کی سفیدی دیکھنے والوں کی نگاہ کو چکاچوند کر دے گی۔ ان کو جو مقام اور اللہ کا قُرب نصیب ہوگا اسے اَنبیا اور شُہدا بہت اچھا سمجھیں گے۔ کسی نے پوچھا: یا رسول اللہ! یہ لوگ کون ہیں؟ آپ نے فرمایا: یہ مختلف قبیلوں کے لوگ ہیں جو اللہ کے ذکرکی وجہ سے آپس میں جمع ہوں اور اچھی اچھی باتوں کو ایسے چن لیں جیسے کھجوریں کھانے والا اچھی کھجور چنتاہے۔1
حضرت انس بن مالک ؓ فرماتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضورﷺ اپنے صحابہ ؓ کے پاس تشریف لائے وہ آپس میں باتیں کررہے تھے۔ ان لوگوں نے عرض کیا کہ ہم آپس میں زمانۂ جاہلیت کے بارے میں بات کررہے تھے کہ کس طرح ہم گمراہ تھے پھر کیسے اللہ نے ہمیں ہدایت عطافرمائی۔ حضورﷺ کو ان کا یہ عمل بہت پسند آیا۔ آپ نے فرمایا: تم نے بہت اچھا کام کیا اسی طرح رہاکرو اسی طرح کیا کرو۔2
حضرت ابنِ عباس ؓ نے فرمایا: حضرت عمر ؓ کا تذکرہ کثرت سے کیا کرو، کیوںکہ جب حضرت عمر کا ذکر ہوگا تو عدل وانصاف کا ذکر بھی ہوگا اور جب عدل وانصاف کا ذکر ہوگا تواللہ کا ذکر ہوگا۔3
حضرت عائشہؓنے فرمایا:نبی کریم ﷺ پر درود بھیج کر اور حضرت عمر بن خطَّاب ؓ کا تذکرہ کرکے اپنی مجلسوں کو آراستہ کیا کرو۔4