صحابہ کرام ؓ کا افراد کو انفرادی طور پر دعوت دینا

حضرت ابو ہریرہ ؓ کا انفرادی دعوت دینا

حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں کہ میری والدہ مشرکہ تھیں، میں ان کو اِسلام کی دعوت دیا کرتا تھا۔ ایک دن میں نے ان کو دعوت دی انھوں نے مجھے حضور ﷺ کے بارے میں بڑی ناگوار باتیں سنائیں۔میں روتا ہوا حضورﷺکی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: یا رسول اللہ! میں اپنی والدہ کو اِسلام کی دعوت دیا کرتا تھا وہ اِنکار کردیا کرتی تھیں۔ آج میں نے اُن کو دعوت دی تو انھوں نے مجھے آپ کے بارے میں بڑی ناگوار باتیں کہیں۔ آپ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ ابوہریرہ کی والدہ کو ہدایت دے دے۔ آپ نے فرمایا: اے اللہ! ابوہریرہ کی والدہ کو ہدایت دے دے۔ میں حضورﷺ کی دعا لے کر خوشی خوشی گھر کو چلا، وہاں پہنچ کر میں نے دروازہ کھولنا چاہا لیکن وہ بند تھا۔ میری والدہ نے میرے قدموں کی آہٹ سن کر کہا: ابوہریرہ ! ذرا ٹھہرو۔ میں نے پانی کے گرنے کی آواز سنی (یعنی میری والدہ اِسلام میں داخل ہونے کے لیے نہا رہی تھیں)۔ میری والدہ نے کُرتہ پہن لیا اور جلدی میں دوپٹہ نہ اوڑھ سکیں اور دروازہ کھول کر کہا: اے ابوہریرہ! أَشْہَدُ أَنْ لاَّ إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ وَأَشْہَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُہٗ وَرَسُوْلُہٗ۔فرماتے ہیں کہ میں نے حضور ﷺ کی خدمت میں واپس آکر آپ کو بتایا، آپ نے اللہ کا شکر ادا کیا اور دعائے خیر فرمائی۔1 حضرت ابوہریرہ ؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! جو بھی مسلمان مرد اورعورت میرا نام سنتا ہے وہ مجھ سے محبت کرنے لگ جاتا ہے۔ راوی کہتے ہیں: میں نے عرض کیا: آپ کو اس کا کیسے پتہ چلتا ہے؟ تو حضرت ابوہریرہ نے کہا: میں اپنی والدہ کو دعوت دیا کرتا تھا، اور پھر سابقہ مضمون جیسا قصہ ذکر کیا۔ اور اس کے آخر میں یہ اضافہ بھی ہے کہ میں دوڑتا ہوا حضور ﷺ کی خدمت میں آیا اور اب میں خوشی سے رو رہا تھا جیسے کہ پہلے میں غم سے رو رہا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپ کو خوش خبری ہو! اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا کو قبول فرمالیا اور اللہ تعالیٰ نے ابوہریرہ کی والدہ کو اِسلام کی ہدایت دے دی۔ پھر میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپ اللہ سے دعا کریں کہ اللہ میری اور میری والدہ ؓ کی محبت تمام مؤمن مردوں اور عورتوں کے دل میں اور ہر مؤمن مرد و عورت کے دل میں ڈال دے۔ چناںچہ آپ نے یہ دعا فرمائی: اے اللہ! اپنے اس چھوٹے سے بندے اور اس کی والدہ کی محبت ہر مؤمن مرد اور عورت کے دل میں ڈال دے۔ چناںچہ جو بھی مسلمان مرد اور عورت میرا نام سنتا ہے وہ مجھ سے محبت کرنے لگ جاتا ہے۔ 2