صحابہ کرام ؓ کا ایمان

مسجد وں کو پاک صاف رکھنا

حضرت عروہ بن زبیر حضورﷺ کے ایک صحابی سے یہ نقل کرتے ہیں کہ حضورﷺ ہمیں اپنے محلوں میں مسجدیں تعمیر کرنے اور انھیں اچھی طرح بنانے اور انھیں پاک رکھنے کا حکم دیتے تھے۔2 حضر ت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضورﷺ نے اس بات کا حکم دیا کہ محلوں میں مسجدیں بنائی جائیں اور ان کی صفائی کی جائے اور انھیں معطّر کیا جائے۔ 3 حضرت ابنِ عباسؓ فرماتے ہیں کہ ایک عورت مسجد میں سے کُوڑا وغیرہ اٹھایا کرتی تھی، پھر اس کا انتقال ہوگیا اور اس کے دفن ہونے کی حضورﷺ کو خبر نہ ہوئی۔ (جب آپ کو پتا چلا تو) آپ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی مرجایا کرے تو تم مجھے اس کی خبر کیا کرو۔ اور آپ نے اس کی نمازِ جنازہ پڑھی اور فرمایا: میں نے اسے جنت میں دیکھا کہ وہ مسجد میں سے کُوڑا وغیرہ اٹھارہی ہے۔4 حضرت ابنِ عمر ؓ فرماتے ہیں کہ حضرت عمر ؓ ہر جمعہ کے دن حضور ﷺ کی مسجد کو خوش بو کی دھونی دیا کرتے تھے۔ 1