صحابہ کرام ؓ کا مسلمانوں کے مال اور جان کا احترام کرنا
یتیم کا اکرام کرنا
حضرت ابوہریرہ ؓ فرماتے ہیں: ایک آدمی نے حضورﷺ سے اپنے دل کی سختی کی شکایت کی تو حضورﷺ نے فرمایا: یتیم کے سر پر ہاتھ پھیرا کرو اور مسکین کو کھانا کھلایا کرو۔2
حضرت ابو الدرداءؓ فرماتے ہیں: ایک آدمی حضورﷺ کی خدمت میں آکر اپنے دل کی سختی کی شکایت کرنے لگا۔ آپ نے فرمایا: کیا تم چاہتے ہو کہ تمہارا دل نرم ہو جائے اور تمہاری یہ ضرورت پوری ہو جائے؟ تم یتیم پر شفقت کیا کرو اور اس کے سر پر ہاتھ پھیرا کرو اور اپنے کھانے میں سے اسے کھلایا کرو، اس سے تمہارا دل نرم ہو جائے گا اور تمہاری ضرورت پوری ہو جائے گی۔3
حضرت بشیر بن عقربہ جُہنَِیؓ فرماتے ہیں: جنگِ اُحد کے دن میری حضورﷺ سے ملاقات ہوئی۔ میں نے پوچھا: میرے والد کا کیا ہوا؟ حضورﷺ نے فرمایا: وہ تو شہید ہوگئے، اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے! میں یہ سن کر رونے لگ پڑا۔ حضورﷺ نے مجھے پکڑ کر میرے سر پر ہاتھ پھیرا اور مجھے اپنے ساتھ اپنی سواری پر سوار کر لیا اور فرمایا: کیا تم اس پر راضی نہیں ہو کہ میں تمہارا باپ بن جاؤں اور عائشہ تمہاری ماں۔1