نبی کریم ﷺ کا صحابہ کرام ؓ کو دعوت دینا
حضور ﷺ کا حضرت ابو قحافہ ؓ کو دعوت دینا
حضرت اَسماء بنت ابی بکر ؓ فرماتی ہیں: فتحِ مکہ کے دن حضورﷺ نے حضرت ابوقحافہؓ سے فرمایا: آپ مسلمان ہوجائیں سلامتی پالیں گے ۔ 1
حضرت اَسماءؓ فرماتی ہیں: جب حضورﷺ مکہ میں داخل ہوئے اور اطمینان کے ساتھ مسجد میں بیٹھ گئے تو حضرت ابوبکرؓ (اپنے والد) حضرت ابوقحافہ کو لے کر آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ جب آپ نے اُن کو (آتے ہوئے) دیکھا تو فرمایا :اے ابوبکر! بڑے میاں کو وہیں کیوں نہیں رہنے دیا، میں اُن کے پاس چل کر جاتا۔ انھوں نے عرض کیا : یا رسول اللہ ! ان پر زیادہ حق بنتا ہے کہ یہ آپ کے پاس چل کر آئیں بہ نسبت اس کے کہ آپ ان کے پاس چل کر تشریف لے جاتے۔ چناں چہ حضورﷺ نے اُن کو اپنے سامنے بٹھایا اور ان کے دل پر اپنا ہاتھ رکھ کر فرمایا: آپ مسلمان ہوجائیں سلامتی پالیں گے۔ چناں چہ حضرت ابوقحافہؓ مسلمان ہوگئے اور کلمۂ شہادت پڑھ لیا۔ جب حضرت ابوقحافہ حضورﷺ کی خدمت میں لائے گئے تو اُن کے سر اور ڈاڑھی کے بال ثغامہ بوٹی کی طرح سفید تھے۔ آپ نے فرمایا: اس سفیدی کو بدل دو، لیکن کالا خضاب نہ کرنا ۔2