حضرات صحابۂ کرام ؓ کی بہادری

جہاد سے واپسی پر نماز پڑھنا اور کھانا پکانا

’’بخاری‘‘ کی روایت میں ہے کہ حضرت کعب ؓ فرماتے ہیں کہ جب حضور ﷺ کسی سفر سے چاشت کے وقت واپس تشریف لاتے تو مسجد میں تشریف لے جاتے اور بیٹھنے سے پہلے دو رکعت نماز پڑھتے۔ ’’بخاری‘‘ میں دوسری روایت حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ کی ہے کہ وہ فرماتے ہیں کہ میں ایک سفر میں حضور ﷺ کے ساتھ تھا۔ جب ہم مدینہ واپس آئے تو آپ نے مجھ سے فرمایا: مسجد میں جا کر دو رکعت نماز پڑھ لو۔ حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ سے’’بخاری‘‘ میں ایک اور حدیث ہے کہ حضور ﷺ جب مدینہ تشریف لائے تو آپ نے اُونٹیا گائے ذبح فرمائی۔ معاذ کی روایت میں یہ بھی ہے کہ حضرت محارب کہتے ہیں کہ انھوں نے حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ سے سنا کہ حضورﷺ نے مجھ سے ایک اُونٹ دو اُوقیہ اور ایک درہم یا دو درہم کے بدلے میں خریدا۔ جب آپ صِرار کنویں پر پہنچے تو آپ کے فرمانے پر ایک گائے ذبح کی گئی اور لوگوں نے اس کا گوشت کھایا۔ جب آپ مدینہ پہنچ گئے تو مجھے حکم دیا کہ میں مسجد میں جا کر دو رکعت نماز پڑھوں اور آپ نے مجھے اُونٹ کی قیمت تول کر دی۔