صحابۂ کرام ؓ کا دینِ اسلام کے لئے جان اور مال خرچ کرنا
جنگ کے وقت دعا کرنا
حضرت علی ؓ فرماتے ہیں کہ جنگِ بدر کے دن میں تھوڑی دیر لڑنے کے بعد جلدی سے حضور ﷺ کو دیکھنے گیا کہ آپ اس وقت کیا کر رہے ہیں۔ جب میں آپ کے پاس پہنچا تو میں نے دیکھا کہ آپ سجدے میں سر رکھے ہوئے فرما رہے ہیں: یَا حَيُّ یَا قَیُّوْمُ! یَا حَيُّ یَا قَیُّوْمُ! ان کلمات کے علاوہ مزید اور کچھ نہیں فرما رہے ہیں۔ میں واپس جاکر پھر لڑنے لگ گیا۔ پھر دوبارہ میں حضو ر ﷺ کی خدمت میں آیا تو آپ اسی طرح سجدے میں سر رکھے ہوئے وہی الفاظ فرما رہے تھے۔ میں پھر لڑنے چلا گیا۔ اس کے بعد میں پھر تیسری مرتبہ حضور ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ سجدے میں سر رکھے ہوئے ان ہی کلمات کو دہرا رہے تھے یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کے ہاتھوں فتح عطا فرما دی۔ 2