صحابۂ کرام ؓ کا اپنے وطن کو چھوڑنا

حضرت عثمان بن عفان ؓ کی ہجرت

حضرت قتادہ ؓ فرماتے ہیں کہ سب سے پہلے اللہ کے لیے جس نے اپنے اہل و عیال کے ساتھ ہجرت کی وہ حضرت عثمان ؓ ہیں۔ میں نے حضرت نضر بن انس کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے حضرت ابوحمزہ یعنی انس ؓ کو فرماتے ہوئے سنا کہ حضرت عثمان بن عفان ؓ ہجرت کر کے حبشہ چلے گئے اور اُن کے ساتھ اُن کی بیوی حضرت رُقیّہؓ حضور ﷺ کی صاحب زادی بھی تھیں۔ حضور ﷺ کے پاس ان دونوں کی خیر خبر آنے میں دیر ہوگئی۔ پھرقریش کی ایک عورت آئی اور اس نے کہا: اے محمد! میں نے تمہارے داماد کو دیکھا تھا اور ان کے ساتھ ان کی بیوی بھی تھیں۔ آپ نے فرمایا: تم نے ان دونوں کو کس حال میں دیکھا؟ اس عورت نے کہا: میں نے ان کو دیکھا کہ انھوں نے اپنی بیوی کو ایک کمزور سے گدھے پر سوار کر رکھا تھا اور خود اس کوپیچھے سے ہانک رہے تھے۔ حضور ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ ان دونوں کے ساتھ رہے۔ حضرت عثمان حضرت لوط ؑ کے بعد پہلے شخص ہیں جنھوںنے اپنے اہل و عیال کے ساتھ ہجرت کی ہے۔1 طبرانی نے حضرت انس ؓ سے اسی حدیث کے ہم معنیٰ روایت کی اور اس میں یہ بھی ہے کہ ان کے بارے میں حضور ﷺ کو کوئی خبر نہ ملی۔ حضور ﷺ گھر سے باہر تشریف لاکر ان کے بارے میں لوگوں سے خیر خبر پوچھا کرتے۔ آپ کو ان کے بارے میں کوئی خبر ملنے کا بڑا اِنتظار تھا۔ آخر ایک عورت آئی اوراس نے آپ کو ان کے بارے میں بتایا۔ 2