Urwatul-Wusqaa - Al-An'aam : 164
قُلْ اَغَیْرَ اللّٰهِ اَبْغِیْ رَبًّا وَّ هُوَ رَبُّ كُلِّ شَیْءٍ١ؕ وَ لَا تَكْسِبُ كُلُّ نَفْسٍ اِلَّا عَلَیْهَا١ۚ وَ لَا تَزِرُ وَازِرَةٌ وِّزْرَ اُخْرٰى١ۚ ثُمَّ اِلٰى رَبِّكُمْ مَّرْجِعُكُمْ فَیُنَبِّئُكُمْ بِمَا كُنْتُمْ فِیْهِ تَخْتَلِفُوْنَ
قُلْ : آپ کہ دیں اَغَيْرَ : کیا سوائے اللّٰهِ : اللہ اَبْغِيْ : میں ڈھونڈوں رَبًّا : کوئی رب وَّهُوَ : اور وہ رَبُّ : رب كُلِّ شَيْءٍ : ہر شے وَ : اور لَا تَكْسِبُ : نہ کمائے گا كُلُّ نَفْسٍ : ہر شخص اِلَّا : مگر (صرف) عَلَيْهَا : اس کے ذمے وَ : اور لَا تَزِرُ : نہ اٹھائے گا وَازِرَةٌ : کوئی اٹھانے والا وِّزْرَ : بوجھ اُخْرٰي : دوسرا ثُمَّ : پھر اِلٰي : طرف رَبِّكُمْ : تمہارا (اپنا) رب مَّرْجِعُكُمْ : تمہارا لوٹنا فَيُنَبِّئُكُمْ : پس وہ تمہیں جتلا دے گا بِمَا : وہ جو كُنْتُمْ : تم تھے فِيْهِ : اس میں تَخْتَلِفُوْنَ : تم اختلاف کرتے
تم ان لوگوں سے پوچھو کیا میں اللہ کے سوا کوئی دوسرا پروردگار ڈھونڈوں حالانکہ وہی ہرچیز کا پرورش کرنے والا ہے ؟ اور دیکھو ہر آدمی اپنے عمل سے جو کچھ کماتا ہے وہ اس کے ذمہ ہوتا ہے کوئی بوجھ اٹھانے والا دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھاتا ، پھر تم سب کو اپنے پروردگار کی طرف لوٹنا ہے اور وہ بتلائے گا کہ تم جن باتوں میں اختلاف کیا کرتے تھے ان کی حقیقت کیا تھی
کیا میں اللہ کے سوا کوئی دوسرا پروردگار تلاش کروں جبکہ ہرچیز کا وہی رب ہے : 258: گویا میں اصل رب جو رب العالمین ہے کو چھوڑ کر کوئی دوسرا رب تلاش کروں تو حد سے تجاوز کر جائوں اور یہ میرے لئے کیسے ممکن ہو سکتا ہے۔ کفار مکہ نبی اعظم وآخر ﷺ سے بارہا کہا کرتے تھے کہ آپ ہمارا دین قبول کرلیجئے اور ہمارے خدائوں کی پرستش شروع فرما دیجئے اور اس طرح اگر آپ کو دنیا اور آخرت میں کوئی گزند پہنچے تو ہم اس کے ذمہ دار ہیں۔ نالائق کا کام کیا ہے ؟ یہی کہ جو اس کے منہ میں آیا بغیر سوچے سمجھے کہہ دیا بس یہی حالت ان نالائقوں کی تھی جو بےسوچے سمجھے ان کے منہ میں آیا بک دیا یہی ان کا کام تھا۔ ہر آدمی اپنے کئے کا خود ذمہ دار ہے اور کوئی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا : 259: اللہ تعالیٰ اپنے رسول ﷺ سے ارشاد فرماتا ہے کہ آپ ﷺ ان احمقوں سے کہئے کہ تم کتنے بیوقوف ہو کیا میں اس پروردگار کو چھوڑ کر جو میرا بھی رب ہے اور کائنات کی ہرچیز کا بھی رب ہے کسی اور کو رب بنا لوں۔ تمہارا یہ خیال کتنا احمقانہ ہے اور تمہارا یہ کہنا کتنا لغو کہ تم میرا بوجھ اٹھا لو گے جب کہ حقیقت یہ ہے کہ کوئی کسی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا ہر ایک کو اپنا بوجھ خود ہی اٹھانا پڑے گا اور کسی کے بدلے کوئی دوسرا نہیں پکڑا جائے گا۔ یہ بات تمہاری صحیح نہیں ہو سکتی کہ تم میرا بوجھ اٹھائو گے اور جب کہ میں بھی تمہارا بوجھ نہیں اٹھا سکتا حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں اور انجام کار تم کو بھی اور ہم کو بھی لوٹ کر اپنے رب کے پاس جانا ہے وہ تم کو ہر اس بات میں کہ جس میں تم اختلاف کرتے رہے خبردار کر دے گا اگرچہ اس وقت تمہارا خبردار ہونا بھی تم کو کچھ فائدہ نہیں دے گا۔
Top