Urwatul-Wusqaa - Al-Waaqia : 7
وَّ كُنْتُمْ اَزْوَاجًا ثَلٰثَةًؕ
وَّكُنْتُمْ : اور ہوجاؤ گے تم اَزْوَاجًا : جماعتوں میں۔ گروہوں میں ثَلٰثَةً : تین
اور تم لوگ تین حصوں میں تقسیم ہوجاؤ گے
اور تم لوگ تین حصوں میں تقسیم ہو جائو گے 7 ؎ (زوج) کی جمع ہے ازواج جوڑے ‘ ہم مثل چیزیں ‘ اقران ‘ حیوانات کے جوڑے میں سے نر ہو یا مادہ ہر ایک کو زوج کہتے ہیں اور اسی طرح غیر حیوانات میں ہر اس شے کو جو دوسری شے کے قرین ہو خواہ وہ مماثل ہو یا متضاد زوج کہتے ہیں۔ اسی سے ازواجا ہے یعنی اصناف۔ مطلب یہ ہے کہ حشر و نشر کے روز لوگوں کو تین گروہوں میں بانٹ دیا جائے گا اور تینوں گروہوں کے الگ الگ نام بتائے گئے ہیں یہ وہ موٹی موٹی تقسیم ہوگی ‘ ان کے اندر چھوٹی چھوٹی تقسی میں بھی ہوں گی لیکن ان کی شناخت کے لئے ان کو تین گروہوں میں تقسیم کیا جائے گا اور مقصود اس سے تفہیم ہے تاکہ ان کی شناخت جو آگے بیان کی جا رہی ہے اس کو سن کر ‘ پڑھ کر ابھی انسان سمجھ جائے کہ یہ میرا حشر کن لوگوں میں ہونے والا ہے اگر میں نے یہی کچھ کیا جو میں کر رہا ہوں۔ ہاں ! اگر میں اس وقت اپنی حالت بدل لوں اور اگر میر شمار کسی ایسے گروہ میں نظر آ رہا ہے تو میں اپنا گروہ تبدیل کرلوں کیونکہ جب تک سانس ہے تب تک آنس ہے اور ان تین گروہوں میں سے جو گروہ پسند ہے اس گروہ والے اعمال شروع کر دے اور اپنے آپ کو بدل کر اگر اس کو اپنا آپ کسی برے گروہ میں نظر آ رہا ہے تو بدلنے کی کوشش کر کے اس کو بدل دے کیونکہ ان تین گروہوں کی اعمال ہی نے ان کو تقسیم کردیا ہے نہ کہ بزور ان کو تین گروہوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اب ان تین گروہ کے الگ الگ نام ذکر کئے گئے ہیں اور ان کی شناخت ان کے اعمال سے کرا دی گئی ہے جیسا کہ آگے آ رہا ہے۔
Top