Urwatul-Wusqaa - Al-Furqaan : 71
وَ مَنْ تَابَ وَ عَمِلَ صَالِحًا فَاِنَّهٗ یَتُوْبُ اِلَى اللّٰهِ مَتَابًا
وَمَنْ تَابَ : اور جس نے توبہ کی وَعَمِلَ : اور عمل کیے صَالِحًا : نیک فَاِنَّهٗ : تو بیشک وہ يَتُوْبُ : رجوع کرتا ہے اِلَى اللّٰهِ : اللہ کی طرف مَتَابًا : رجوع کرنے کا مقام
اور جس نے (گناہوں سے) توبہ کرلی اور نیک عمل کیے تو اس نے بھی اللہ سے بہترین طور سے رجوع کیا
اس کی توبہ یقینا توبۃ النصوح ہوئی اور اس کا اجر عنداللہ محفوظ ہوگیا : 71۔ زیر نظر آیت میں توبہ کرنے والوں کے لئے جو بشارت دی گئی تھی اس کی مزید وضاحت کردی کہ توبہ کے باعث انہوں نے گناہ آج تک یعنی توبہ کرنے سے پہلے پہلے کئے تھے وہ تو اللہ رب ذوالجلال والاکرام نے معاف کردیئے اور اس طرح گویا ان کے بیاض عمل ایک بار بالکل صاف ہوگئی کیونکہ گزشتہ سب معاف ہوگیا اور ظاہر ہے کہ اب جو کچھ بھی ان کے نامہ اعمال میں لکھا جائے گا وہ نیک عمل کے سوا کچھ نہیں ہوگا اور یہ بھی کہ اب ان کی نافرمانی اور سرتابی کی قوت کی اطاعت وانقیاد کی قوت سے بدل دیا جائے گا پہلے وہ ارتکاب گناہ پر اپنے آپ کو مجبور پاتے تھے اور اب اطاعت الہی کے بغیر ان کو چین نصیب نہیں ہوتا ، کہاں وہ وقت کہ انکی بدبختی ان پرچھائی ہوئی تھی اور کہاں یہ وقت کہ اب ان کی نیک بختی ان پر سایہ فگن ہے ، اس میں توبہ کرنے والوں کے لئے حوصلہ افزائی کا یہ پہلو بھی ہے کہ بسا اوقات آدمی گناہ کی زندگی چھوڑنے سے اس وجہ سے گھبراتا ہے کہ وہ سمجھتا ہے کہ اگر اس نے یہ زندگی چھوڑ دی تو اسے اپنے لئے ایک نیا ماحول تلاش کرنا پڑے گا جو ایک نہایت ہی مشکل کام ہے یہ آیت بلاشبہ ایسے لوگوں کو تسلی دیتی ہے کہ وہ لوگ جو برائی اور برے ماحول کو چھوڑتے ہیں ان کو اللہ کی معیت اور سرپرستی حاصل ہوتی ہے اور ان کے لئے نیا ماحول باعث عزت وفخر ہوتا ہے آخرت میں تو یقینا ہوگا لیکن اس دنیا میں بھی ان کے لئے نیا ماحول آنکھیں بچھا دیتا ہے اور ان کی وہ پذیرائی ہوتی ہے کہ ان کا سارا خطرہ ہوا ہوجاتا ہے ، اے رب کریم ورحیم میں تیری بارگاہ میں سچے دل سے توبہ کرتا ہوں تو میرے گناہوں کو بھی معاف فرما دے تو دلوں کے رازوں سے بھی واقف ہے میں زیاں کار بندہوں تو قادر وقدیر ‘ مالک وملیک اور قدوس رب تجھے اپنی قدوسیت کا واسطہ مجھے ‘ میرے والدین اور اساتذہ کرام پر بھی اپنی رحمت کا دامن پھیلا دے اور اپنی مغفرت کی چادر ہم پر ڈال دے ۔ ” رب اغفرلی ولوالدی وللمؤمنین یوم یقوم الحساب ۔ آمین ثم آمین یا رب العلمین ۔
Top