Urwatul-Wusqaa - Al-Hijr : 34
قَالَ فَاخْرُجْ مِنْهَا فَاِنَّكَ رَجِیْمٌۙ
قَالَ : اس نے کہا فَاخْرُجْ : پس نکل جا مِنْهَا : یہاں سے فَاِنَّكَ : بیشک تو رَجِيْمٌ : مردود
حکم ہوا اگر ایسا ہے تو یہاں سے نکل جا کہ تو راندہ ہوا ہے
فرمایا اللہ تعالیٰ نے ‘ اگر بات ایسی ہے تو نکل جا یہاں سے کہ تو راندہ درگاہ ہے : 34۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اگر بات ایسی ہے جیسا کہ تو کہہ رہا ہے کہ میں ایک انسان کی فوقیت کو تسلیم کرلوں اور یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے اس کو تو نے مٹی سے پیدا کیا لیکن میری پیدائش تو نے آگ سے کی ہے اس لئے ایک اونچی ذات کا آدمی اپنے سے بہت نیچے کے آدمی کی فوقیت مان لے ؟ اللہ تعالیٰ نے اس کی یہ بات سنی تو اس کو دھتکار دیا اور فرمایا کہ یہاں سے نکل جا تو تو بلاشبہ مردود ہے ، تو کہاں ذات پات میں الجھ کر رہ گیا ؟ ہمارے ہاں تو ذات پات کا کوئی سوال پیدا ہی نہیں ہوتا ۔ یہاں تو فقط اعمال دیکھے جاتے ہیں ، اس میں کتنا بڑا سبق ہے ان لوگوں کیلئے جو آج بھی اپنے آپ کو باپ دادا سمجھتے اور دوسروں کو بغیر باپ دادا کے گردانتے ہیں اور ہم چوما دیگرے نیست کی ڈینگیں مارتے ہیں ، ان کو اچھی طرح سمجھ لینا چاہئے کہ وہ شیطان لعین کی پیروی کرکے کیا کر رہے ہیں ؟ انسانی اوصاف سے دیکھا جاتا ہے اگر اس کے اوصاف اچھے ہیں تو انسان ہے اگر اس کے اوصاف وکردار اچھے نہیں تو وہ انسان کبھی اچھا نہیں کہلا سکتا خواہ وہ نسل کے لحاظ سے کتنا اونچا بنا بیٹھا ہو بلکہ اگر وہ نسل کے اعتبار سے اونچا ہے اور اوصاف کے لحاظ سے کمتر ہے تو وہ کبھی بہتر نہیں ہوسکتا ، آج بھی وہ لوگ جو ذات پات کے لحاظ سے اپنے آپ کو افضل واعلی سمجھتے ہیں جے سے چوہدری اور و ڈیرے خصوصا سادات خاندان کے افراد کہلانے والے وہ یقینا شیطان کے پر وکار ہیں اور ڈھانچہ کے لحاظ سے اگرچہ وہ انسان نظر آئیں ، کردار کے لحاظ سے وہ ابلیس سے کم نہیں . فرمایا گیا ابلیس سن لے کہ روز جزاء تک تو لعنت کا مستحق ہوگیا : 35۔ لعنت الہی کیا ہے ؟ اوپر گزر چکا ہے کہ لعنت دراصل رحمت الہی سے دوری کا نام ہے ، قیامت تک محاورہ کے لحاظ سے دوام ہے یعنی ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تو لعنتی ہوگیا لیکن یہ نہ سمجھا جائے کہ قیامت کے بعد ابلیس کی ملعونیت جاتی رہے گی ، محاورہ زبان سے قطع ویسے بھی ظاہر ہے کہ جو شخص محل رحمت قیامت تک نہ ہو اس کے لئے بعد از قیامت محل رحمت ہونے کی گنجائش ہی کیا ہے ؟ تفصیل کیلئے سورة الاعراف کی آیت 10 تا 27 کا مطالعہ کریں وہاں پوری تفصیل مل جائے گی اور اس واقعہ کے سارے پہلوؤں پر بحث کی گئی ہے ، انشاء اللہ العزیز سارے شبہات ہوا ہوجائیں گے ۔
Top